احساس پروگرام اچھا اقدام، ملکہ ہالینڈ، صدر، وزیراعظم و دیگر سے ملاقاتیں
اسلام آباد (نمائندہ خصوصی، نوائے وقت رپورٹ، آن لائن) وزیراعظم عمران خان نے ہالینڈ کی ملکہ میکسیما سے ملاقات کی، ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ دریں اثناء اسلام آباد میں احساس پروگرام کے تحت مالیاتی اقدامات کے حوالے سے تقریب ہوئی جس میں وزیراعظم عمران اور ہالینڈ کی ملکہ میکسیما نے خطاب کیا۔ وزیراعظم نے تقریب سے خطاب میں کہا کہ غربت کے خاتمے کیلئے سنجیدہ اقدامات کر رہے ہیں، سیاستدان بننے سے پہلے سوشل ورکر تھا۔ ملکہ میکسیما کا انسانی ہمدردی کے کام میں دلچسپی لینا قابل تحسین ہے۔ فلاحی ریاست قائم کرنا حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ چین نے لوگوں کو غربت سے نکالنے کیلئے بہترین اقدامات کئے، چین نے 70کروڑ لوگوں کو غربت سے نکالا۔ غربت کو مدنظر رکھتے ہوئے پالیسیاں مرتب کر رہے ہیں۔ آج امیر ٹیکس بچانے کیلئے آف شور کمپنیاں بنا رہے ہیں، پاکستان میں تین نظام تعلیم رائج ہیں۔ کوشش ہے کہ ایک نظام تعلیم رائج کریں۔ ملکہ میکسیما نے تقریب سے خطاب میں کہا کہ احساس پروگرام حکومت کا اچھا اقدام ہے، پروگرام کے اختتام پر ہر خاتون کا ایک بینک اکائونٹ ہوگا۔ پروگرام پر عملدرآمد کیلئے وزیراعظم ذاتی دلچسپی لے رہے ہیں، پاکستان یمں صرف 7فیصد خواتین کے بینک اکائونٹ ہیں، ملکی ترقی کیلئے خواتین کو مالیاتی نظام میں شامل کرنے کی ضرورت ہے۔ خواتین کو مالی طور پر بااختیار بنانے کیلئے ڈیجیٹل ٹیکنالوجی سے لیس کرنا ہوگا۔ صدر عارف علوی سے ہالینڈ کی ملکہ میکسیما نے ملاقات کی۔ صدر مملکت نے نادار طبقات کی مالی معاونت کیلئے ملکہ میکسیما کی کاوشوں کو سراہا اور کہا کہ پاکستان نے مالی معاونت میں نمایاں پیشرفت کی ہے۔ اس دورے سے جاری اقدامات پر مثبت اثرات مرتب ہوں گے۔ پاکستان پائیدار ترقی کے اہداف کے حصول کیلئے مالی معاونت کو ایک مؤثر ذریعہ سمجھتا ہے۔ ہالینڈ کی ملکہ میکسیما نے اپنے وفد کے ہمراہ وزارت خزانہ کا دورہ کیا اور وزیر اعظم کے مشیر خزانہ و محصولات ڈاکٹر عبد الحفیظ شیخ اور ان کی اکنامک ٹیم سے بھی تفصیلی ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران مشیر خزانہ ڈاکٹر عبد الحفیظ شیخ نے ملکہ میکسیما کو پاکستان کی معیشت اور معاشی صورت حال کو مستحکم بنانے کے لیے اٹھائے گئے حکومتی اقدامات اور ان کے نتیجے میں ہونے والی مثبت پیش رفت سے آگاہ کیا۔ دریں اثنا اے ڈی پی کے زیراہتمام کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ہالینڈ کی ملکہ مکسیما نے کہا ہے کہ پاکستان میں 40 فیصد آبادی غربت کا شکار ہے، صرف 14 فیصد لوگوں کے اکائونٹس ہیں۔ منگل کو ہالینڈ کی ملکہ میکسیما نے اے ڈی بی کے زیر اہتمام کانفرنس میں شرکت کی، وفاقی وزیر اقتصادی امور نے ملکہ میکسیما کا خیرمقدم کیا۔