عمران قائداعظم کے وژن پر نیا پاکستان بنارہے ہیں: عثمان بزدار
لاہور (نیوز رپورٹر) عثمان بزدار سے چائنہ پاکستان فرینڈ شپ ایسوسی ایشن کے صدر اور اقوام متحدہ کے سابق انڈر سیکرٹری جنرل شا ئو ژوکینگ کی قیادت میں بزنس مینوں کے وفدنے ملاقات کی، جس میں پاکستان اور چین کے درمیان تعلقات کے فروغ، مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے اور سی پیک کے تحت منصوبوں کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا- ملاقات میں سی پیک کے تحت تعاون کومزید فروغ دینے پر اتفاق کیا گیا- وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہاکہ چین پاکستان کا ایسا بااعتماد اور مخلص دوست ہے جس نے مشکل کی ہر گھڑی میں پاکستان کا ساتھ نبھایا ہے۔ چین کے ساتھ پاکستان کے تعلقات نئی بلندیوں کو چھو رہے ہیں۔ پاکستان اور چین کی دوستی کا رشتہ پہلے سے کہیں زیادہ مضبوط ہو چکا ہے۔ دونوں ملکوں کے درمیان معاشی و اقتصادی تعاون کی نئی تاریخ رقم ہوئی ہے۔ انہوںنے کہا کہ تحریک انصاف کی حکومت کے دور میں پاکستان اور چین کیساتھ تعلقات مزید وسیع اور مضبوط ہوئے ہیںاوردو طرفہ تعاون کومزید فروغ دینے کے لئے مستقبل میں تسلسل کے ساتھ رابطے رکھنا ضروری ہے-چین کے سرمایہ کاروں کی جانب سے پنجاب میںمزید سرمایہ کاری کا خیرمقدم کریںگے-چینی سرمایہ کاروں کو ہر ممکن سہولتیں دیں گے۔ چینی سرمایہ کار پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے تحت منصوبوں میں سرمایہ کاری کے مواقع سے فائدہ اٹھا سکتے ہیں۔عثمان بزدار سے امریکہ کے سفیر پال جونز نے ملاقات کی ،جس میں باہمی دلچسپی کے امور، دو طرفہ تعلقات کے فروغ اور مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہاکہ پاکستان اور امریکہ کے درمیان کثیر الجہتی نوعیت کے تعلقات کئی دہائیوں پر محیط ہیں ۔پاکستان کو قائداعظم محمد علی جناحؒ کے وژن کے مطابق فلاحی ریاست بنانے کیلئے پرعزم ہیں۔پنجاب میں تاریخی مقامات اور تاریخی ورثے کی بحالی کے لئے جامع اقدامات کئے گئے ہیں- لاہور والڈ سٹی پراجیکٹ کو پورے پنجاب میں توسیع دی گئی ہے-عثمان بزدارنے جھنگ میں لڑکی سے زیادتی کے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے آر پی او فیصل آباد ،تونسہ میں سرائیکی شاعر محبوب تابش سے پیش آنے والے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے کمشنر ڈیرہ غازی خان او رآر پی او ڈیرہ غازی خان سے رپور ٹ طلب کر لی ہے۔ عثمان بزدار نے خیبرپی کے سے سینٹ کا الیکشن جیتنے پر تحریک انصاف کے امیدوار ذیشان خانزادہ کو مبارکباد دی ہے۔