عاصم سلیم باجوہ کے بطور چیئرمین سی پیک اتھارٹی تقرر کا نوٹیفکیشن جاری
اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) لیفٹیننٹ جنرل (ر) عاصم سلیم باجوہ کو سی پیک اتھارٹی کا چیئرپرسن مقرر کر دیا گیا ہے، اس سلسلے میں اسٹیبلشمنٹ ڈویژن نے نوٹیفکیشن جاری کر دیا، انہیں 4 سال کیلئے چیئرپرسن سی پیک اتھارٹی تعینات کیا گیا ہے۔ وزیراعظم عمران خان نے گزشتہ دنوں عاصم سلیم باجوہ کو چیئرمین سی پیک اتھارٹی بنانے کی منظوری دی تھی۔ اتھارٹی وزارت منصوبہ بندی و ترقی کے ماتحت کام کرے گی۔ 8اکتوبر 2019ء کو صدر مملکت عارف علوی نے سی پیک اتھارٹی آرڈیننس پر دستخط کئے تھے۔ سی پیک اتھارٹی کا اطلاق پورے پاکستان میں ہوگا۔ اتھارٹی 10ارکان پر مشتمل ہوگی۔ وزیراعظم اتھارٹی کے ایگزیکٹو ڈائریکٹرز اور ارکان کی تعیناتی کریں گے۔ گریڈ20کا سرکاری افسر اتھارٹی کا چیف ایگزیکٹو آفیسر ہوگا جسے ڈیپوٹیشن پر تعینات کیا جائے گا۔ سی پیک سے متعلق اب تمام سرگرمیاں اسی اتھارٹی کے زیرانتظام سرانجام دی جائیں گی۔ اتھارٹی یا اس کے عہدیداران کے خلاف کوئی قانونی کارروائی نہیں کی جاسکے گی۔