• news

مبینہ ممنوعہ فنڈنگ، الیکشن کمشن نے پیپلزپارٹی سے 48گھنٹوں میں ریکارڈ مانگ لیا

اسلام آباد(خصوصی نمائندہ)الیکشن کمشن نے مبینہ ممنوعہ فنڈنگ میں پیپلز پارٹی کو 48گھنٹوں میں ریکارڈ مہیا کر نے کا وقت دیدیا ہے۔ ذرائع کے مطابق الیکشن کمشن کی سکروٹنی کمیٹی کا پیپلزپارٹی کی فنڈنگ سے متعلق اجلاس منگل کو ہوا۔ سکروٹنی کمیٹی نے پیپلزپارٹی کو بھی سوالنامہ دیدیا اور ڈونرز کی تفصیلات طلب کر لی۔ الیکشن کمیشن سکروٹنی کمیٹی پیپلزپارٹی کے اکاؤنٹس کا 29 نومبر کو دوبارہ جائزہ لے گی۔ سوالنامے میں پوچھا گیا ہے کہ سالانہ گوشواروں کے علاوہ اگر کوئی پارٹی اکاونٹس ہیں تو اس کی تفصیلات سے آگاہ کیا جائے ہے، اگر بیرون ملک اکانٹس ہیں تو 2013 اور 15 کے گوشواروں میں وہ تفصیلات ظاہر کی گئیں یا نہیں،2013 سے 2015 تک بیرون ملک سے موصول کی گئی رقوم کی تفصیلات پیش کی جائیں،ڈونرز اور فنڈز فراہم کرنے والے افراد کے شناختی کارڈ بھی فراہم کئے جائیں۔سماعت کے بعد پیپلز پارٹی کے وکیل شہباز کھوسہ نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ الیکشن کمشن کو تسلی کرائی ہے ہم ہر سوال کا جواب دیں گے،پیپلزپارٹی کو الیکشن کمشن پر پورا اعتماد ہے،مسلم لیگ ن کے رہنما محسن شاہ نواز رانجھا نے کہا کہ پی ٹی آئی کی درخواست چور کی داڑھی میں تنکا کے برابر ہے ، پی ٹی آئی والے اپنے احتساب سے بچنے کے لئے ایسی درخواستیں دے رہے ہیں۔

اسلام آباد ( وقائع نگار) اسلام آباد ہائی کورٹ میں وزیر اعظم عمران خان کی پی ٹی آئی پارٹی فنڈنگ کیس میں سکروٹنی کمیٹی کی تشکیل کالعدم قرار دینے کی درخواست کی سماعت عدالتی وقت ختم ہونے کے باعث بغیر کسی کارروائی کے ملتوی کر دی گئی۔ چیف جسٹس اطہر من اللہ کی سربراہی میں ڈویژن بنچ نے درخواست کی سماعت کرناتھی لیکن وقت کی کمی کے باعث متعدد مقدمات لیفٹ اوور کر دئیے گئے جن کی تاریخ سماعت اب رجسٹرارآفس مقرر کرے گا۔ واضح رہے کہ وزیراعظم عمران خان نے بطور پارٹی چیئرمین سنگل بنچ کے فیصلے کے خلاف انٹراکورٹ اپیل دائر کر رکھی ہے۔

ای پیپر-دی نیشن