نسیم شاہ پاکستان کا مستقبل ‘زیادہ بوجھ نہیں ڈالنا چاہتے : وقار یونس
لاہور(نمائندہ سپورٹس+سپورٹس رپورٹر) پاکستان کرکٹ ٹیم کے بائولنگ کوچ وقار یونس نے کہا ہے کہ ورک لوڈ مینجمنٹ کے تحت نسیم شاہ کو کم اوور کرانے کو دئیے گئے کیونکہ ہم ان کے بارے میں بہت احتیاط سے کام لے رہے ہیں۔ وقار یونس نے کہا کہ نسیم شاہ کم عمر ہیں اور بہت تیزی سے گیند کراتے ہیں اس لئے ہم ان پر زیادہ بائولنگ کا بوجھ نہیں ڈالنا چاہتے۔نسیم شاہ پاکستان کا مستقبل ہیں ہم انہیں بہت احتیاط کیساتھ کھلانا چاہتے ہیں۔وقار یونس نے کہا کہ نسیم شاہ سے کم بائولنگ کرانیکا فیصلہ کپتان کا تھا اور میرا خیال ہے کہ ان کا فیصلہ درست تھا کیونکہ نسیم شاہ وکٹیں لینے والے بائولر ہیں، اور یہ انکا پہلا ٹیسٹ تھا، اسلئے کپتان نے ان سے محتاط انداز میں اوورز کرائے۔برسبین میں پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان کھیلے گئے ٹیسٹ میچ کے تیسرے روز نسیم شاہ کو باولنگ دینے پر سابق آسٹریلوی کرکٹر رکی پونٹنگ نے تنقید کرتے ہوئے کہا کہ انہیں پاکستان کی حکمت عملی بالکل سمجھ نہیں آئی۔انہوں نے کہا کہ نسیم شاہ نے میچ کے تیسرے روز صرف چار اوورز کرائے جبکہ میچ کے چوتھے روز نسیم شاہ کو بائولنگ نہ دینے کا فیصلہ سمجھ سے بالاتر اور میرے لئے ذاتی طور پر ناقابل قبول تھا، مجھے پاکستان کی گزشتہ روز کی حکمت عملی قطعی سمجھ میں نہیں آئی، ہم سب نے دیکھا کہ نوجوان بالر نے ڈیوڈ وارنر جیسے بلے باز کو پریشانی میں مبتلا کئے رکھا، انہوں نے اپنے4 اوورز کے سپیل میں ڈیوڈ وارنر کو رنز بنانے سے مکمل طور پر روکے رکھا اور جب پاکستان کیلئے وکٹوں کے حصول کا موقع آیا تو نوجوان فاسٹ بالر ایکشن میں نظر نہیں آیا۔ سمجھ نہیں آئی کہ نسیم شاہ کیساتھ ایسا کیا غلط ہوا کہ اس سے بال لے لی گئی، مجھے نہیں لگتا کہ وہ انجرڈ ہوجائینگے کیونکہ ہم نے انہیں پورا دن میدان میں فیلڈنگ کرتے دیکھا ہے۔