• news

والد کی طبیعت میں بہتری نہیں ہورہی، قوم دعا کرے: حسین نواز

لندن (عارف پندھیر)سابق وزیراعظم نوازشریف کے بیٹے حسین نواز نے کہا ہے کہ والد کی طبیعت میں بہتری کے آثار نظر نہیں آ رہے ہیں۔ نوازشریف لندن میں علاج کی غرض سے 19 نومبر سے موجود ہیں اور اس دوران وہ 3 بار طبی معائنے کے لیے گھر سے باہر نکلے ہیں۔خاندانی ذرائع کے مطابق نواز شریف کے گھر پر ہی 2 تھراپی سیشن ہوں گے، اس کے علاوہ انہیں قوت مدافعت بڑھانے والی ادویات بھی دی جارہی ہیں۔ ذرائع نے بتایا کہ نواز شریف کا ’پی ای ٹی‘ سکین آج جمعرات کو ہوگا جس کے بعد ڈاکٹرز علاج سے متعلق لائحہ عمل طے کریں گے۔ سابق وزیراعظم کی صحت سے متعلق ان کے بیٹے حسین نواز کا کہنا ہے کہ خواہش ہے کہ نوازشریف کا علاج ایک چھت تلے ہو لیکن ان کی طبیعت میں بہتری کے آثار نظر نہیں آ رہے، والد کو متعدد بار مشورہ دیا کہ امریکہ سے علاج کروائیں۔ اگلے چند روز میں متعدد بار ہسپتال جانا پڑے گا۔ بون میرو کی تشخیص کا معاملہ حساس ہے لہٰذا قوم ان کی صحت یابی سے متعلق دعا کرے۔

ای پیپر-دی نیشن