افرایقی ممالک کیساتھ سکیورٹی تعاون بڑھانا چاہتے ہیں، سفارکاری کے ذریعے معیشت مستحکم بنائیں گے: شاہ محمود
اسلام آباد (اے پی پی+ این این آئی)وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ پاکستان کے افریقی ممالک کے ساتھ بہترین سیاسی اور سفارتی تعلقات ہیں‘ افریقی ممالک کے ساتھ مثبت بامقصد اور یکساں ترقی کے مقاصد کے اصولوں کے تحت روابط کے خواہاں ہیں‘ ہمیں باہمی تجارتی حجم بڑھانے ضرورت ہے‘ معاشی سفارتکاری کے ذریعے معیشت کو مستحکم بنائیں گے۔انہوں نے ان خیالات کا اظہار وزارت خارجہ میں افریقی ممالک میں تعینات پاکستانی سفرا کی دو روزہ کانفرنس کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا اس کانفرنس کی افتتاحی تقریب میں شریک ہیں‘ اس کانفرنس کے دو بنیادی مقاصد ہیں‘پہلا افریقی ممالک کے ساتھ اپنے روابط کا فروغ اور دوسرا پاکستان کے معاشی استحکام کے لئے عملی اقدام کرنا ہے۔وزیر خارجہ نے کہا کہ افریقہ ایک اہم براعظم ہے جو54 ممالک پر مشتمل، 2.3 ٹریلین ڈالر کی مجموعی جی ڈی پی کا حامل ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے افریقی ممالک کے ساتھ بہترین سیاسی، سفارتی تعلقات ہیں۔ پاکستان کی سکیورٹی فورسز قیام امن کیلئے اقوام متحدہ کے امن مشنز کے تحت بہت سے افریقی ممالک میں خدمات سرانجام دے چکی ہیں۔وزیر خارجہ نے کہا کہ پاکستان نے این اے ایم اور جی۔ 77،جیسے بین الاقوامی فورمز پر افریقی ممالک کا ساتھ دیا‘ افریقی ممالک کے 700 ڈپلومیٹس، پاکستان کی فارن سروس اکیڈمی سے تربیت حاصل کر رہے ہیں، ہمیں افریقی ممالک کے ساتھ اپنی تجارت کے حجم کو بڑھانے کی ضرورت ہے۔ ہم نے معاشی سفارتکاری کا آغاز کیا ہے جس کے تحت ہم برآمدات کو بڑھانے اور کثیر الجہتی معاشی شعبہ جات میں کاوشوں کو بروئے کار لا کر، قیادت کے وژن کے مطابق معیشت کو مستحکم کرنے کیلئے پر عزم ہیں۔انہوں نے کہا کہ ہم افریقی ممالک کے ساتھ مثبت، بامقصد اور یکساں ترقی کے مقاصد کے باہمی اصولوں کے تحت روابط کے خواہشمند ہیں۔مجھے امید ہے کہ یہ سفراء کانفرنس افریقی ممالک کے ساتھ ہمارے باہمی تعلقات اور اقتصادی تعاون کو مزید مستحکم کرے گی۔افریقہ مستقبل کا برصغیر ثابت ہوگا۔ افریقی ممالک کے ساتھ سکیورٹی تعاون بڑھانا چاہتے ہیں۔ انہوںنے کہاکہ مجھے امید ہے یہ سفراء کانفرنس افریقی ممالک کے ساتھ ہمارے باہمی تعلقات اور اقتصادی تعاون کو مزید مستحکم کریگی۔بعد ازاں وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کی زیر صدارت افریقی ممالک کی سفرا کانفرنس کے دوسرے سیشن کا آغاز ہوا تو سیکرٹری خارجہ سہیل محمود، سیکرٹری تجارت سردار احمد نواز سکھیرا بھی کانفرنس میں شریک تھے ۔ اجلاس میں الجیریا، مالی اور موریطانیہ اور دیگر افریقی ممالک میں موجود دو طرفہ تعاون کے حوالے سے میسر اقتصادی مواقعوں کا جائزہ لیا گیا ۔وزیر خارجہ نے افریقی ممالک میں تعینات پاکستانی سفراء کو اس کانفرنس میں شرکت پر خوش آمدید کہا ۔وزیر خارجہ نے کہاکہ ہم افریقی ممالک کے ساتھ اقتصادی تعاون کے فروغ کیلئے بامعنی اور نتیجہ خیز روابط کو فروغ دینے کے خواہشمند ہیں۔ افریقی ممالک میں تعینات پاکستانی سفراء نے پاکستان اور افریقی ممالک کے مابین دو طرفہ تعلقات اور مختلف شعبہ جات میں دو طرفہ تعاون اور تجارتی حجم کے حوالے سے شرکاء کو آگاہ کیا۔افریقی ممالک میں تعینات پاکستانی سفراء نے افریقی ممالک کے ساتھ دو طرفہ معاشی تعاون اور تجارتی حجم میں اضافہ کیلئے مختلف تجاویز پیش کیں۔یہ دو روزہ سفراء کانفرنس 27 اور 28 نومبر تک وزارت خارجہ میں جاری رہے گی۔ اختتامی کانفرنس سے وزیر اعظم عمران خان خطاب کرینگے ۔