چودھری شوگر ملز کیس: یوسف عباس کی ضمانت کیلئے ہائیکورٹ میں درخواست
لاہور(وقائع نگار خصوصی) چوہدری شوگر مل منی لانڈرنگ میں گرفتار سابق وزیراعظم نواز شریف کے بھتجے یوسف عباس نے لاہور ہائیکورٹ میں درخواست ضمانت دائر کر دی۔ درخواست میں ضمانت پر رہائی کی استدعا کی گئی ہے جس میں دائر درخواست میں چیئرمین، ڈی جی نیب اور تفتیشی افسر کو فریق بنایا گیا ہے جس میں موقف اختیار کیا کہ شریف فیملی ایک کاروباری خاندان قانون کی حکمرانی پر یقین رکھتا ہے، درخواست گزار کو نیب نے چوہدری شوگر مل منی لانڈرنگ انکوائری میں گرفتار کیا ہے۔ نیب نے 19 جولائی 2019 کو کال اپ نوٹس بھیجا جس کا مکمل جواب دیا۔ 8 اگست کو میاں نواز شریف کو کوٹ لکھپت جیل ملنے گیا تو نیب نے گرفتار کر لیا ہے۔ نیب کی حراست میں 48 دن جسمانی ریمانڈ پر رہا لیکن کوئی شواہد عدالت پیش نہیں کیے گیے، نیب نے 410 ملین کی رقم کا الزام لگایا جبکہ اس کا تمام ریکارڈ موجود ہے اورہر ٹیکس بھی دیا۔ یوسف عباس نے ہائیکورٹ سے استدعا کی ہے کہ نیب نے بے بنیاد الزامات لگائے۔ عدالت درخواست ضمانت بعد از گرفتاری منظور کرے۔