یقین دہانیاں پوری ہوتی نظر آ رہی ہیں‘ نئے انتخابات واحد راستہ: فضل الرحمنٰ
سکھر (آئی این پی + آن لائن) جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ جب غیر منتخب، جعلی اور نا اہل حکمرانوں کو تسلیم کیا جائے گا تو ملک تنزلی کی طرف جائے گا، موجودہ صورتحال میں نئے انتخابات ہی واحد راستہ ہے۔ خورشید شاہ کی عیادت کے بعد میڈیا سے گفتگو کے دوران ایک صحافی نے ان سے سوال کیا کہ مولانا صاحب آپ کو جو یقین دہانی کرائی گئی تھیں وہ پوری ہوتی دکھائی دے رہی ہیں؟ اس کے جواب میں فضل الرحمان نے مسکراتے ہوئے جواب دیا کہ کیا آپ کو وہ نظر نہیں آرہی ہیں؟ مجھے تو نظر آ رہی ہیں۔ جب مسئلہ عدالت میں زیر سماعت ہے تو تبصرہ نہیں ہونا چاہئے۔ سب چیزوں کو وہ خود بھی دیکھ رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ خورشید شاہ علیل ہیں اور یہ تشویشناک صورتحال ہے، سیاستدانوں کو قومی احتساب بیورو(نیب)کے ذریعے عدالتوں میں گھسیٹنا ایسے احتساب کو ہم نہیں مانتے۔ جے یو آئی (ف) کے سربراہ نے کہا کہ نیب کے ادارے کو سیاسی انتقام کے طور پر استعمال کیا جارہا ہے، خورشید شاہ بھی اسی مرحلے سے گزر رہے ہیں۔ ادھر پلڈاٹ پاکستان فیلو شپ پروگرام کے نوجوانوں کے وفد نے حافظ صدیق مدنی کی سربراہی میں جمعیت علمائے اسلام کے پارلیمنٹ ہائوس میں آفس کا دورہ کیا۔ مولانا عبدالغفورحیدری نے وفد سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کے سیاست میں نوجوان قیادت کی شدید ضرورت ہے۔ نوجوان سیاستدانوں کی تربیت میں پلڈاٹ کی خدمات کو سراہتے ہیں۔ حکومت نے تو غریب کے منہ سے نوالہ چھین لیا ایسی حکومت کا خاتمہ بہت ضروری ہے۔