• news

پاکستان روایتی جنگ نہیں جیت سکتا، پراکسی وار کررہا ہے:بھارتی وزیر دفاع کی خوش فہمی

پونا (انٹرنیشنل ڈیسک) بھارتی وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ نے بڑھک مارتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان بھارت سے کوئی روایتی جنگ نہیں جیت سکتا اس لیے اس نے پراکسی وار کا راستہ چنا۔ پونا کی نیشنل ڈیفنس اکیڈمی میں پاسنگ آؤٹ پریڈ سے خطاب کرتے ہوئے راج ناتھ سنگھ نے کہا کہ پاکستان اپنا پراکسی وار کا شوق پورا کررہا تھا کیونکہ اسے پتہ چل چکا ہے کہ وہ ہم سے روایتی جنگ نہیں جیت سکتا۔ انہوں نے الزام لگایا پاکستان نے پراکسی وار کا راستہ خود چنا جس میں اسے صرف شکست ہوگی۔ بھارتی وزیر دفاع کا کہنا تھا کہ پاکستان 1948 سے ہی حقیقت جان چکا تھا، اور پھر 1965، 71 اور 99 کی جنگوں کے ذریعے وہ بھارت سے کوئی روایتی یا محدود جنگ نہیں جیت سکا۔ پاکستان نے دہشت گردی کے ذریعے پراکسی وار کا راستہ چنا لیکن میں مکمل ذمہ داری کے ساتھ یہ بتاسکتا ہوں کہ پاکستان کو سوائے شکست کے کچھ حاصل نہیں ہوگا۔ ان کا کہنا تھا کہ بھارت کے ہمیشہ سے دیگر ممالک کے ساتھ اچھے اور دوستانہ تعلقات رہے، بھارت کے کبھی اضافی علاقائی مقاصد نہیں رہے لیکن کوئی اشتعال انگیزی ہوئی تو ہم کسی کو نہیں چھوڑیں گے۔ ہم اپنی خودمختاری اور اپنے ملک کے شہریوں کی حفاظت کے لیے پرعزم ہیں مگر کوئی ہماری زمین پر دہشت گرد کیمپ بنائے یا پھر حملوں میں ملوث ہوگا تو ہم جانتے ہیں اسے کیسے جواب دینا ہے۔

ای پیپر-دی نیشن