رانا ثناء اللہ کے ریمانڈ میں 15 روز توسیع‘ پولیس کا لیگی وکلاء پر تشدد‘ عدالتی بائیکاٹ
لاہور(آن لائن) مسلم لیگ (ن) کے رہنما رانا ثنااللہ کی عدالت میں پیشی کے دوران پولیس تشدد کیخلاف وکلا نے عدالتی کارروائی کا بائیکاٹ کردیا۔ہفتے کے روز انسداد منشیات عدالت لاہور میں رانا ثنااللہ کیخلاف مقدمے کی سماعت ہوئی۔ 15 روزہ جوڈیشل ریمانڈ ختم ہونے پر انہیں عدالت کے روبرو پیش کیا گیا۔اس دوران کافی دھکم پیل ہوئی اور پولیس نے وکیل کو تشدد کا نشانہ بھی بنایا۔ جس پر رانا ثناء اللہ کے وکلاء نے پولیس کی بدنظمی اور میڈیا کے داخلے پر پابندی کیخلاف عدالتی کارروائی کا بائیکاٹ کردیا۔فرہاد علی شاہ ایڈووکیٹ نے عدالت میں احتجاج ریکارڈ کروایا اورطاہر خلیل سندھو نے کہا کہ ان سمیت وکلا کو سکیورٹی اہلکاروں نے تشدد کا نشانہ بنایا۔عدالت نے رانا ثناء اللہ کے ریمانڈ میں 15 روز کی توسیع کرتے ہوئے منشیات اسمگلنگ کیس کی سماعت 14 دسمبر تک ملتوی کردی۔