نیب نے 39اشتہاری ملزموں کی فہرست پاکستان کے تمام انٹرنیشنل ائیرپورٹس کو ارسال کر دی
ملتان(صباح نیوز)نیب نے 39اشتہاری ملزمان کی فہرست پاکستان کے تمام انٹرنیشنل ائیرپورٹس کو ارسال کر دی۔نیب کی جانب سے اشتہاری ملزمان کو بیرون ملک روانگی یا ملک آمد پر گرفتار کرنے کی درخواست کی گئی ہے۔ تمام ملزمان کے نام، پاسپورٹ نمبرز اور شناختی کارڈ نمبرز کی فہرست امیگریشن حکام کو بھجوادی گئی ہے۔ ان ملزمان کے خلاف نیب ملتان میں کیسز چل رہے ہیں اور ان ملزمان کو عدالتوں کی جانب سے اشتہاری قرار دیا گیا ہے۔ نیب ملتان کی جانب سے تمام ایئرپورٹس کو اشتہاری ملزمان کی فہرست ارسال کی گئی اور استدعا کی گئی ہے اگر یہ ملزمان بیرون ملک فرار کی کوشش کرتے ہیں یا بیرون ملک سے پاکستان واپس آتے ہیں تو انہیں گرفتار کر کے فوری طور پر نیب کو اطلاع دی جائے تاکہ نیب انہیں اپنی تحویل میں لے سکے۔ نیب کی جانب سے تما م امیگریشن حکام کو احکامات بھی جاری کر دیئے گئے ہیں۔