• news

ایڈیلیڈ ٹیسٹ: ڈیوڈوارنر کی ٹرپل سنچری، آسٹریلوی اننگز 589 رنز پر ڈکلیئر

لاہور (نمائندہ سپورٹس)ایڈیلیڈ ٹیسٹ کے دوسرے دن کھیل کے اختتام پر پاکستان نے اپنی پہلی اننگز میں 6 وکٹ کے نقصان پر 96 رنز بنالیے ہیں اور اسے آسٹریلیا کا 589 رنز کا سکور برابر کرنے کیلئے مزید 493 رنز درکار ہیں جبکہ اس کی 4 وکٹیں ابھی باقی ہیں‘گرین شرٹس کو فالوآن سے بچنے کیلئے مزید293رنز درکار ہیں۔پاکستان کی جانب سے پہلی اننگ کا آغاز روایتی طور پر مایوس کن انداز میں آغاز ہوا اور 91 کے مجموعی سکور پر ٹاپ 6 بلے باز پویلین لوٹ گئے۔اوپنر امام الحق نے شان مسعود کیساتھ اننگز کا آغاز کیا تو 2 رنز بنا کر امام الحق پویلین لوٹ گئے، ٹیم کا سکور 22 رنز پر پہنچا تو کپتان اظہر علی بھی 9 رنز بنا کر چلتے بنے۔شان مسعود کا ساتھ دینے کیلئے بابر اعظم کریز پر آئے تو شان مسعود خود ہی زیادہ دیر بابر کا ساتھ نہ دے سکے اور 38 کے مجموعی سکور پر 19 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔شان کے جانے کے بعد پہلے اسد شفیق گراونڈ میں اترے مگر وہ بھی ٹیم کے سکور میں بابر کیساتھ مل کر 31 رنز کا اضافہ کر سکے اور 9 رنز بنا کر واپس لوٹ گئے۔افتخار احمد 10 اور وکٹ کیپر بیٹسمین محمد رضوان بغیر کوئی رن بنائے آوٹ ہوئے۔پاکستان کی جانب سے بابر اعظم 42 اور یاسر شاہ صفر کے سکور پر وکٹ پر موجود ہیں اور ٹیم کا مجموعی سکور 32 اوور میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 96 رنز ہے۔ڈے نائٹ ٹیسٹ کے دوسرے دن آسٹریلوی اوپنر ڈیوڈ وارنر نے اپنی ٹرپل سنچری مکمل کر لی جس کے بعد آسٹریلیا نے 589 رنز 3 کھلاڑی آوٹ پر اپنی پہلی اننگزڈکلیئر کردی ہے۔ٹیسٹ میں دوسرے دن آسٹریلیا نے اپنی پہلی نامکمل اننگز 302 رنز ایک کھلاڑی آوٹ سے دوبارہ شروع کی تو اسے ابتداء میں ہی لا بوشین کی وکٹ کا نقصان اٹھانا پڑگیا۔۔لا بوشین 162 رنز سکور کرنے کے بعد شاہین شاہ کی گیند پر بولڈ ہوگئے اور یوں آسٹریلیا کی369 رنز پر گرنے والی دوسری وکٹ بھی شاہین شاہ کے ہی کھاتے میں آئی۔وکٹ کے دوسری جانب گزشتہ روز کے ناٹ آوٹ اوپنر ڈیوڈ وارنر موجود رہے جنہوں نے ٹرپل سنچری سکور کی، وہ 335 رنز بنا کر ناٹ آوٹ رہے۔وارنر اس وقت 226 رنز پر کھیل رہے تھے کہ محمد موسیٰ نے ڈیوڈ وارنر کو بابر اعظم کے ہاتھوں کیچ کرایا لیکن جب پیچھے مڑ کر دیکھا تو امپائر نو بال کا اشارہ کر رہے تھے۔ اس طرح ڈیوڈ وارنر کو نئی زندگی ملی اور اس کا انہوں نے بھرپور فائدہ اٹھایا۔آسٹریلیا کی تیسری گرنے والی وکٹ سٹیون سمتھ کی تھی وہ 490 کے مجموعی سکور پر 36 رنز بنا کر شاہین شاہ کا تیسرا شکار بنے، جبکہ میتھو ویڈ 38 رنز بنا کر ناٹ آوٹ رہے۔اس سے قبل گزشتہ روز شروع ہوئے ’’پنک بال ٹیسٹ‘‘ میں آسٹریلوی کپتان ٹم پین نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا، جو ابتداء میں غلط ثابت ہوا اور 8 رنز کے مجموعی اسکور پر اوپنر جو برنس شاہین شاہ آفریدی کی گیند پر وکٹ کیپر محمد رضوان کے ہاتھوں کیچ آوٹ ہوگئے۔ٹیم پین کے آوٹ ہونے کے بعد لابوشین میدان میں اْترے اور ڈیوڈ وارنر کے ساتھ مل کر اننگز کو آگے بڑھایا، آسٹریلوی جوڑی کے سامنے پاکستانی بولرز بالکل بے بس نظر آئے۔دونوں بیٹسمینوں نے اعتماد سے بیٹنگ کرتے ہوئے مزید کوئی وکٹ گنوائے دوسری وکٹ کی ناقابل شکست شراکت میں 294 رنز جوڑ کر مجموعی سکور 302 رنز تک پہنچادیا، بارش کے باعث دن بھر میں 73 اوور کا کھیل ممکن ہوسکا تھا۔اس سے قبل جب میچ شروع ہوا تو پاکستان کی جانب سے شاہین شاہ آفریدی نے ابتداء میں ہی 8 کے مجموعی سکور پر برنز کی وکٹ حاصل کر لی تھی جس کے بعد آسٹریلیا کی جانب سے محتاط بیٹنگ کا مظاہرہ کیا گیا۔

ای پیپر-دی نیشن