قائد اعظم ٹرافی کا فائنل 27دسمبر سے نیشنل سٹیڈیم کراچی میں کھیلا جائیگا
لاہور(نمائندہ سپورٹس) قائداعظم ٹرافی کا دسواں راؤنڈ اہمیت اختیار کرچکا ہے۔ ایونٹ کی دو ٹاپ ٹیموں کا تعین بھی آخری راؤنڈ کے میچز کے بعد ہی ممکن ہوگا۔ قائداعظم ٹرافی کا فائنل 27 سے 31 دسمبر تک نیشنل سٹیڈیم کراچی میں کھیلا جائیگا۔ایک ٹیم میچ میں زیادہ سے زیادہ 24 (جیت 16، بیٹنگ 5 اور باؤلنگ 3) پوائنٹس حاصل کرسکتی ہے جبکہ پوائنٹس ٹیبل پر اب تک پہلی پوزیشن پر براجمان سنٹرل پنجاب اور چوتھی پوزیشن پر موجودسدرن پنجاب کے درمیان 18 پوائنٹس کا فرق ہے۔ سندھ اور بلوچستان کی ٹیمیں پانچویں پوزیشن حاصل کرنے کیلئے ایک دوسرے کے مدمقابل آئیں گی۔پوائنٹس ٹیبل پر پہلی پوزیشن پر موجود سنٹرل پنجاب اور چوتھے نمبر پر موجود سدرن پنجاب کے درمیان آخری راؤنڈ کا میچ اسٹیٹ بنک سٹیڈیم کراچی میں کھیلا جائیگا۔ آخری راؤنڈ میں شکست کا سامنا کرنیوالی سنٹرل پنجاب کی ٹیم کے پوائنٹس کی تعداد 120 جبکہ سدرن پنجاب کی 102 ہے۔ 119 پوائنٹس کیساتھ پوائنٹس ٹیبل پر دوسرے نمبر پر موجود خیبرپختونخوا کی ٹیم دسویں راؤنڈ میں ناردرن کے مدمقابل آئیگی۔