عثمان شنواری پی ایس ایل میں لاہور قلندرز کی نمائندگی کرینگے
لاہور(نمائندہ سپورٹس)بائیں ہاتھ کے فاسٹ بالر عثمان شنواری ایچ بی ایل پی ایس ایل 2020ء کیلئے ایک سے دوسری ٹیم میں ٹرانسفر ہونے والے پہلے کھلاڑی بن گئے ۔ فاسٹ بائولر آئندہ ایڈیشن میں لاہور قلندرز کی نمائندگی کریں گے۔عثمان شنواری نے گزشتہ ایڈیشن میں کراچی کنگز کی نمائندگی کی تھی۔ قوانین کے مطابق اگر کسی ٹیم کی جانب سے اپنے کسی کھلاڑی کو ریلیگیٹ کرنے کی درخواست کو منظور کرلیا گیا ہوتو پھر اسے دیگر ٹیموں کے ساتھ شیئر کیا جاتا ہے جس کے بعد دیگر ٹیمیں کھلاڑی کو اس کی اوریجنل کٹیگری میں رکھنے کی آفر کرسکتی ہیں۔ اگر کوئی ٹیم کھلاڑی کو اس کی اوریجنل کٹیگری میں رکھنے کی آفر کرے تو کھلاڑی کو ریلیگٹ کرنے کی درخواست کرنیوالی ٹیم اپنے کھلاڑی کو اس کی اوریجنل کٹیگری میں ہی ری ٹین یا آفر کرنے والی ٹیم کو ٹرانسفر کرسکتی ہے۔ کراچی کنگز کی جانب سے عثمان شنواری کو ریلیگیٹ کرنے کی درخواست کی گئی جس پر لاہور قلندرز نے اسے کامیاب طریقے سے میچ کیا۔اس بنیاد پر عثمان شنواری کو ڈائمنڈ کٹیگری کیلئے لاہور قلندرز میں ٹرانسفر کردیا گیاہے۔دیگرپانچ کھلاڑیوں کی ریلگیشن کے لیے کامیاب درخواستیں کی گئی جن میں امام الحق(پشاور زلمی، ڈائمنڈ سے گولڈ)، جنید خان (ملتان سلطانز، ڈائمنڈ سے گولڈ)،سلمان بٹ (لاہور قلندرز،گولڈ سے سلور)،شان مسعود (ملتان سلطانز، گولڈ سے سلور)اور عمر امین(پشاور زلمی،گولڈ سے سلور ) شامل ہیں۔امام الحق، جنید خان، سلمان بٹ، شان مسعود اور عمر امین کی کٹیگری ایک درجہ کم کردی گئی ہے۔2016 ایڈیشن میں شرکت نہ کرنے والے فاسٹ بالر عثمان شنواری ایچ بی ایل پی ایس ایل کے دیگر تمام ایڈیشنز کاحصہ رہے ہیں۔4نومبر سے شروع ہونے والی ٹرانسفر / ری ٹینشن ونڈو یکم دسمبر کو بند ہوگی۔