وارنر کو لارا کا ریکارڈ توڑنے کا موقع نہ دینے پر ٹم پین پر تنقید
لاہور(نمائندہ سپورٹس) ڈیوڈ وارنر کو برائن لارا کا ریکارڈ توڑنے کا موقع نہ دینے پر ٹم پین ہدف تنقید بن گئے۔ایڈیلیڈ ٹیسٹ میں ڈیوڈ وارنر 335 پر ناقابل شکست رہے اس وقت آسٹریلیا کا مجموعہ 3 وکٹوں کے نقصان پر 589تھا کہ آسٹریلوی کپتان ٹم پین نے اننگز ڈکلیئر کرنے کا اعلان کردیا۔ڈیوڈ وارنر کو تھوڑا وقت مزید دیا جاتا تو اوپنر ویسٹ انڈین برائن لارا کا ٹیسٹ میں سب سے بڑی 400رنز کی اننگز کا ریکارڈ توڑنے میں کامیاب ہوسکتے تھے، میچ کے دوسرے روز ہی ایک تاریخ رقم کرنے کا موقع نہ دینے پر ٹم پین کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا جارہا ہے۔سوشل میڈیا پر نہ صرف آسٹریلوی بلکہ دنیا بھر کے شائقین حیرت کا اظہار کررہے ہیں، مبصرین نے بھی میزبان کپتان کو آڑے ہاتھوں لیا ہے۔