• news

اوٹی سی لاہور چیلنج کپ ون ڈے کلب کرکٹ ٹورنامنٹ 10دسمبر سے شروع

لاہور(نمائندہ سپورٹس)اوٹی سی لاہور چیلنج کپ ون ڈے کلب کرکٹ ٹورنامنٹ 10دسمبر سے شروع کروانے کا اعلان کردیا گیا،چیئرمین ٹورنامنٹ کمیٹی ملک سجاد اکبر نے ٹورنامنٹ کے سینئر نائب صدر شفیع اللہ خان، پیٹرن انچیف رکن پنجاب اسمبلی نیلم حیات، چیئرمین او ٹی سی ملک حیات،سابق ٹیسٹ کرکٹر شاہد نذیر اور محمد خلیل کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہویئے بتایا کہ ٹورنامنٹ کاآغاز 10دسمبر کو ہو گا ۔ٹورنامنٹ کا مقصد شہر کی کلب کرکٹ کو فعال کرنا ہے۔ چار سو زائد انڈر 23کھلاڑی حصہ لیں گے ۔ تمام ٹیموں کیلئے لازم ہے کہ وہ حتمی گیار ہ رکنی ٹیم میں دو انڈر 19اور دو انڈر 23کھلاڑی لازمی شامل کریں گی یہ پہلا ٹورنامنٹ ہے جس میں نوجوان کھلاڑیوں کو اتنی بڑی تعداد میں موقع ملے گا۔ ہم نے اپنی کمیٹیوں میں سابق ٹیسٹ کرکٹرز،سابق آئی سی سی امپائرز اور پی سی بی آفیشلز کو شامل کیا ہے۔سینئر نائب صدر ملک شفیع اللہ خان کا کہنا تھا کہ ٹورنامنٹ کا اصل کریڈٹ فیصل آباد ڈسٹرکٹ کرکٹ ایسوسی ایشن کے سابق سیکرٹری اعجاز فاروق کو جاتا ہے انہوں نے لاہور شہر میں کلب کرکٹ کوفعال بنانے کی ترغیب دی جس کے بعد ہم میدان میں آئے ہیں۔ٹورنامنٹ میں شریک ٹیموں کو تمام سہولیات فراہم کی جائیں گی۔ٹورنامنٹ کی پیٹرن انچیف رکن پنجاب اسمبلی نیلم حیات کا کہنا تھا کہ لاہور کے نوجوان کرکٹرزکو اپنی صلاحیتوں کو منوانے کا موقع دینے کے لئے اوٹی سی لاہور چیلنج کپ انتظامیہ نے بڑا قدم اٹھایا ہے اورجس پر ملک سجاد اکبر سمیت ان کی پوری ٹیم مبارک باد کی مستحق ہے انہوں نے کہا کہ وہ لاہور کی کرکٹ کے مسائل کے حوالے وزیراعظم پاکستان اور وزیر اعلی پنجاب سے بات کریں گی اور کوشش کریں گی کہ لاہور کرکٹ کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل ہوں۔چیئرمین او ٹی سی ملک حیات کا کہنا تھا کہ نوجوان اس ملک کی آباد ی کا 60فی صد ہیں اور ان کو آگے بڑھنے کے بہترین مواقع دینا ہماری ذمہ داری ہے اوٹی سی اپنی یہی ذمہ داری قبول کرتے ہوئے میدان میں آئی ہے۔سابق ٹیسٹ کرکٹر شاہد نذیر کا کہناتھا کہ لاہور چیلنج کپ میں پہلی مرتبہ کلب کی سطح پر اینٹی کرپشن اینڈ ویجی لینس قوانین پر عمل درآمد کیا جارہا ہے جس کا مقصد نوجوانوں کو کلب کی سطح سے ہی بین الاقوامی کرکٹ کے تقاضوں سے ہم آہنگ کرنا ہے۔سابق ٹیسٹ فاسٹ باولر محمد خلیل کا کہنا تھا کہ اوٹی سی لاہور چیلنج کپ لاہور میں کلب کرکٹ کی بحالی کی جانب ایک اہم قدم ہے اور کوشش ہے اس ٹورنامنٹ سے کچھ باصلاحیت نوجوان کرکٹرز تلاش کئے جائیں۔

ای پیپر-دی نیشن