صحتمندانہ سرگرمیاں تہذیبی اور ثقافتی ورثہ کو بھی اجاگر کرتی ہیں: کور کمانڈر بہاول پور
بہاولپور(خبرنگار)روہی سپورٹس فیسٹیول بہاول پور کی تاریخ کا سب سے بڑا اور منفرد مقابلہ ہے جو پاک فوج اور سول انتظامیہ کی مشترکہ کاوشوں سے منعقد ہوا ۔اس فیسٹیول میں سکول، کالج اور مدارس لیول کی 156ٹیموں کے2ہزار سے زائد طلبا و طلبات نے حصہ لیا۔فیسٹیول کا انعقاد تین مراحل میں ہوا ۔پہلے مرحلے میں ہاکی، دوسرے مرحلے میں فٹ بال جبکہ تیسرے اور آخری مرحلے میں کرکٹ اور گرلزبیڈمنٹن میچز کے مقابلے منعقد ہوئے۔ 29 نومبر کو کرکٹ ٹورنامنٹ کے فائنل میچز کا انعقاد ہوا۔ کور کمانڈر بہاولپور لیفٹیننٹ جنرل سید محمد عدنان ہلال امتیاز (ملٹری) نے کالج لیول کرکٹ ٹورنامنٹ کی اختتامی تقریب میں بطور مہمان خصوصی شرکت کی جبکہ بوم بوم شاہد خان آفریدی بطور خاص ان کے ہمراہ شریک ہوئے ۔ شاہد خان آفریدی نے کرکٹ فائنل میں جیتنے والی ٹیموں میں انعامات تقسیم کیے جبکہ کور کمانڈر بہاول پور لیفٹیننٹ جنرل سید محمد عدنان ہلال امتیاز (ملٹری) نے روہی سپورٹس فیسٹیول میں ہاکی اور فٹ بال کی فاتح ٹیموں میں نقد انعامات تقسیم کیے۔اختتامی تقریب میں ریسلنگ کے شو میچز کا انعقاد بھی ہوا جس میں جیتنے والے ریسلرز کو انعامات سے نوازا گیا۔ اس موقع پر کور کمانڈر بہاول پور لیفٹیننٹ جنرل سید محمد عدنان ہلال امتیاز (ملٹری)نے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ اس طرح کی صحتمندانہ سرگرمیاں نہ صرف کھیلوں کے فروغ کا باعث بنتی ہیں بلکہ خطہ کے تہذیبی اور ثقافتی ورثہ کو بھی اجاگر کرتی ہیں۔