پہلی سہ ماہی میں بجٹ خسارہ 286 ارب، کل آمدن 1489 ارب روپے رہی: وزارت خزانہ
اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ) پہلی سہ ماہی میں بجٹ خسارہ 286 ارب روپے ریکارڈ کیا گیا۔ وزارت خزانہ نے کہا ہے کہ جولائی سے ستمبر تک کل آمدن 1489 ارب روپے رہی۔ اس دوران کل اخراجات 1775 ارب روپے رہے۔ بجٹ خسارہ جی ڈی پی کا 0.7 فیصد ہے۔ جولائی سے ستمبر تک ٹیکس آمدن 1142 ارب روپے رہی۔ وفاقی حکومت نے 1038 ارب روپے کے ٹیکسز اکٹھے کئے۔ اس دوران صوبوں نے 104 ارب 50 کروڑ روپے کے ٹیکسز جمع کئے۔ دریں اثناء وزارت تجارت نے کہا ہے کہ رواں مالی سال کے پہلے 5 ماہ میں تجارتی خسارے میں 34.42 فیصد کمی آئی۔ جولائی تا نومبر درآمدات میں 19.27 فیصد کمی آئی۔ پانچ ماہ کے دوران برآمدات میں 4.80 فیصد اضافہ ہوا۔ جولائی تا نومبر تجارتی خسارہ 9 ارب 49 کروڑ 80 لاکھ ڈالر رہا۔ گزشتہ سال اسی عرصے خسارہ 14 ارب 47 کروڑ 40 لاکھ ڈالر تھا۔ جولائی تا نومبر برآمدات 9 ارب 55 کروڑ ڈالر رہیں۔