سندھ کے یوم ثقافت پر مختلف شہروں میں تقاریب، شرکاء کی سندھی ٹوپی، اجرک میں شرکت
اسلام آباد (این این آئی) یوم ثقافت پر سندھ کے مختلف شہروں میں تقریبات کا انعقاد کیا گیا، جس میں شرکاء سندھ کی ثقافت کو اجاگر کرنے کے لیے سندھی ٹوپی اور اجرک پہنے شرکت کی، ہر سال دسمبر کے پہلے اتوار کو منایا جانے والا سندھ کے یوم ثقافت کو سندھ کے باسی عید کے تہوار کی طرح مناتے ہیں، تقریبات میں سندھی ثقافتی ٹیبلو پیش کر کے اورعلاقائی گیتوں پر والہانہ جھوم کر اپنی ثقافت سے محبت کا اظہار کرتے رہے، سکولوں میں یوم ثقافت کی تقاریب میں طالبات نے سندھ کی روایتی انداز میں ہونے والی شادیوں کے رنگوں کو ٹیبلوز کے ذریعہ پیش کیا ہے۔ سندھ کے باسیوں کا اس موقع پر کہنا ہے کہ یوم ثقافت منانے کا مقصد سندھ کی ثقافت کو دنیا بھر میں اجاگر کر کے اس بات کا اظہار کرنا ہے کہ سندھ محبت اور امن کی سر زمین ہے۔ سکھر میں مرکزی پروگرام پریس کلب کے سامنے منعقد کیا گیا، جہاں سیاسی، سماجی جماعتوں سمیت مختلف برادریوں کی جانب سے سندھی ٹوپی اور اجرک کی قدیمی ثقافت کو اجاگر کرنے کے لیے ریلیاں نکالی گئیں۔