• news

مصری شاہ: منشیات فروش گروپوں میں فائرنگ کا تبادلہ، 2 جڑواں بھائی جاںبحق، کزن اور مخالف زخمی

لاہور(نامہ نگار) مصری شاہ کے علاقے میں دومنشیات فروش گروہوں میں فائرنگ کے تبادلے میں دو جڑواں بھائی ہلاک جبکہ ان کا کزن اور ایک مخالف زخمی ہوگئے۔ فائرنگ سے علاقے میں شدید خوف وہراس پھیل گیا۔ تفصیلات کے مطابق مصری شاہ کے علاقے چمڑامنڈی میں دومنشیات فروش گروہوں خان اور ہابل مسیح گروپ میں فائرنگ کا تبادلہ ہو گیا۔ فائرنگ اس قدر شدید تھی کہ لوگوں نے بھاگ کر اور زمین پر لیٹ کر جانیں بچائیں جبکہ فائرنگ سے علاقے میں شدید خوف وہراس پھیل گیا ۔ فائرنگ کی زد میں آ کرخان گروپ سے تعلق رکھنے والے دو جڑواں بھائی 24 سالہ رحمن صادق خان اور فیضان صادق خان‘ ان کا کزن 32 سالہ منیر اور ایک مخالف آصف مسیح شدید زخمی ہو گئے۔ پولیس کے موقع پر پہنچنے سے پہلے ملزمان فائرنگ کرتے ہوئے فرار ہو گئے۔ پولیس و امدادی ٹیموں نے زخمیوں کو طبی امداد کے لئے ہسپتال منتقل کیا‘ جہاں دونوں بھائی رحمن صادق خان اور فیضان صادق خان زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گئے جبکہ ان کے کزن زخمی منیر ولد فقیر حسین کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے۔ پولیس نے زخمی ملزم آصف مسیح کوگرفتار کر لیا‘جسے پولیس کی زیر حراست ہسپتال میں طبی امداد دی جا رہی ہے۔ پولیس نے دونوں بھائیوں کی لاشیں قبضے میں لے کر پوسٹ مارٹم کے لئے مردہ خانے جمع کرا کر تفتیش شروع کر دی۔ ایس پی سٹی رضا صفدر کاظمی کا کہنا ہے کہ دونوں پارٹیاں منشیات فروش ہیں، باہمی اختلافات کی وجہ سے ان میں فائرنگ کا واقعہ پیش آیا۔ ابھی تک پولیس کو کارروائی کے لئے درخواست موصول نہیں ہوئی۔ درخواست ملنے پر مقدمہ درج کیا جائے گا جبکہ مفرور ملزمان کی گرفتاری کے لئے پولیس ٹیمیں روانہ کر دی گئی ہیں۔ دریں اثنا ء قتل ہونے والے دونوں بھائیوں پر منشیات فروشی، پولیس مقابلے و دیگر جرائم میں ملوث ہونے کے متعدد مقدمات درج تھے جبکہ ملزمان ہابل مسیح گروپ نے چند روز قبل مصری شاہ پولیس پر بھی فائرنگ کی تھی اور اپنے ساتھی کو چھڑانے میں کامیاب ہوگئے تھے۔ پولیس کے مطابق جلد ملزمان کو گرفتارکر لیا جائے گا۔

ای پیپر-دی نیشن