• news

لیاقت آباد: غباروں میں گیس بھرنے والی ٹینکی پھٹ گئی، خاتون سمیت 3 افراد جاںبحق

لاہور (نامہ نگار) لیاقت آباد میں غباروں میں گیس بھرنے والی ٹینکی دھماکے سے پھٹ گئی، خاتون سمیت 3 افراد جاں بحق جبکہ چار زخمی ہو گئے۔ دھماکے کی آواز دور دور تک سنائی دی گئی۔ جائے وقوعہ پر لوگوں کی بڑی تعداد جمع ہو گئی۔ بتایا گیا ہے کہ لیاقت آباد کے علاقے دھلے فلیٹ کے قریب گندے نالے پر لکڑیوں کے ٹال کے قریب محنت کش غباروں میں ہوا بھر رہا تھا کہ اچانک ٹینکی دھماکے سے پھٹ گئی جس کی زد میں آ کر اسحاق‘ عظیم ‘ شاہنواز‘ انور اور نامعلوم خاتون سمیت سات افراد شدید زخمی ہو گئے۔ اہل علاقہ نے اپنی مدد آپ کے تحت زخمیوں کو طبی امداد کے لئے ہسپتال منتقل کیا۔ جہاں زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے پچاس سالہ اسحاق ، سولہ سالہ عظیم اور نامعلوم خاتون دم توڑ گئے جبکہ دیگر زخمیوں کا علاج جاری ہے۔ پولیس نے موقع پر پہنچ کر تینوں نعشیں تحویل میں لے کر مردہ خانے منتقل کر کے تحقیقات شروع کر دی۔

ای پیپر-دی نیشن