• news

جنگی جنون: بھارت کا پہلی بار جوہری ہتھیار لے جانیوالے بین البراعظمی میزائل کا رات کے وقت تجربہ

نئی دہلی(بی بی سی) بھارتی بری فوج نے پہلی مرتبہ جوہری ہتھیار لے جانے کی صلاحیت رکھنے والے اور طویل فاصلے پر مار کرنے والے اگنی تین بلاسٹک میزائل کا رات کے وقت تجربہ کیا ہے۔ انڈیا کے سرکاری خبر رساں ادارے کی طرف سے جاری کی گئی خبروں کے مطابق اس تجربے کے نتائج کا تاحال انتظار ہے جب کہ کئی نشریاتی ادارے سطح سے سطح پر مار کرنے والے اس میزائل کے رات کے اندھیرے میں پہلے تجربے کو کامیاب قرار دے چکے ہیں۔ پی ٹی آئی نے انڈیا کے دفاعی ذرائع کے حوالے سے دی گئی اپنی خبر میں کہا ہے کہ ' اس میزائل کی خط پرواز کا ابھی تعین کیا جا رہا ہے اور تجربے کے نتائج کا تاحال انتظار ہے۔'جوہری ہتھیاروں کو اپنے ہدف تک لے جانے کی صلاحیت رکھنے اور سطح سے سطح پر ساڑھے تین ہزار کلو میٹر تک مار کرنے والے اگنی تھری بلاسٹک میزائل کو ہفتے کی شب کو اڑیسہ کے ساحل کے قریب اے پی جے عبدالکلام نامی جزیرے پر ایک ٹیسٹ سائٹ سے چھوڑا گیا۔ دفاعی ذرائع کے مطابق اس میزائل کا وزن پچاس ٹن، لمبائی سترہ میٹر اور قطر دو میٹر ہے جب کہ اس پر ڈیڑھ ٹن وزنی جوہری ہتھیار لگایا جا سکتا ہے۔ جوہری بلاسٹک میزائل اگنی تھری کا تجربہ انڈیا کی سٹریٹجک ڈیفنس فورس نے کیا جس کو ڈیفنس ریسرچ اینڈ ڈیویلپمنٹ آرگنائزیشن کی معاونت حاصل تھی۔ یہ میزائل پہلے ہی افواج میں شامل کیے جا چکے اور اگنی تھری کا یہ چوتھا 'یوزر ٹرائل' یا تجربہ تھا جس کا مقصد اس کی افادیت اور اس کے موثر ہونے کو ثابت کرنا تھا۔

ای پیپر-دی نیشن