قومی جوڈو ٹیم سائوتھ ایشین گیمز میں شرکت کیلئے کل نیپال روانہ ہو گی
لاہور(سپورٹس رپورٹر+نمائندہ سپورٹس) 12 رکنی قومی جوڈو ٹیم سائوتھ ایشین گیمز میں شرکت کے لئے کل بدھ کو نیپال روانہ ہو گی، ایونٹ میں شاہ حسین شاہ اور آمنہ طیاڈا جاپان سے براہ راست شرکت کریں گے۔ پاکستان جوڈو فیڈریشن کے نائب صدر اور میڈیا ڈائریکٹر مسعود احمد خان نے بتایاکہ سائوتھ ایشین گیمز نیپال کے شہر کھٹمنڈو میںجاری ہیں جس میں جوڈو کے مقابلے 7سے 10 دسمبر تک کھیلے جائیں گے۔ ایونٹ میں 6 مرد، 4 خواتین اور 2 آفیشلز پاکستان کی نمائندگی کریں گے۔ مرد کھلاڑیوں میں محمد حسنین، ندیم اکرم، کرامت بٹ، قیصر خان آفریدی، شاہ حسین شاہ اور حامد علی جبکہ خواتین میں حمیرا عاشق، آمنہ طیاڈا، عاصمہ رانی اور بینش خان شامل ہیں۔ کرنل عابد مجید بطور منیجر اور رشید احمد بطور کوچ ٹیم کے ہمراہ ہوںگے۔ ایونٹ کیلئے قومی کھلاڑیوں کا تربیتی کیمپ پشاور میں جاری ہے جہاں پر انہیں جدید اور اعلیٰ معیار کی تربیت دی جا رہی ہے۔