ہملٹن ٹیسٹ، جو روٹ کی ڈبل سنچری، انگلینڈ 476 رنز پر آئوٹ
لاہور(سپورٹس ڈیسک) کپتان جو روٹ کی ڈبل سنچری کی بدولت انگلینڈ ٹیم ہملٹن ٹیسٹ کی اپنی پہلی اننگز میں 476 رنز بناکر آئوٹ ہوگئی، جو روٹ 226 رنز کے ساتھ نمایاں بلے باز رہے، کیویز ٹیم نے میچ کے چوتھے روز کھیل ختم ہونے تک اپنی دوسری اننگز میں 2 وکٹوں کے نقصان پر 96 رنز بنا لئے اور اسے انگلینڈ کی پہلی اننگز کا سکور برابر کرنے کیلئے 5 رنز درکار ہیں جبکہ اسکی 8 وکٹیں ابھی باقی ہیں، کیویز کی دوسری اننگز میں ابتدائی دو وکٹیں جلد گرنے کے بعد کپتان کین ولیمسن اور راس ٹیلر انگلش بائولرز کے سامنے ڈٹ گئے، کین ولیمسن 37 اور راس ٹیلر 31 رنز کے ساتھ ناٹ آئوٹ تھے۔ نیل واگنر نے پہلی اننگز میں 5 وکٹیں حاصل کیں۔ پیر کو ہیملٹن میں ٹیسٹ کے چوتھے روز انگلینڈ ٹیم نے اپنی پہلی نامکمل اننگز 269 رنز 5 کھلاڑی آئوٹ پر دوبارہ شروع کی تو جو روٹ 114 اور اولی پوپ 4 رنز پر ناٹ آئوٹ تھے، دونوں بلے بازوں نے شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کیا اور چھٹی وکٹ پر 193 رنز کی شراکت داری قائم کرکے ٹیم کا مجموعی سکور 455 رنز تک پہنچا دیا۔