• news

دسمبر عمران پر بھاری، حکومت کی الٹی گنتی شروع ہو چکی: فضل الرحمٰن

کوئٹہ(آئی این پی) جمعیت علماء اسلام (ف)کے سربراہ مولانا فضل الرحمن نے کہا ہے کہ متحدہ اپوزیشن کے اتحاد اور مشترکہ جدوجہد نے حکومت کو گھٹنے ٹیکنے پر مجبور کردیا ہے، پارلیمنٹ میںکوئی بھی ترمیم اور قانون سازی نئے انتخابات اور موجودہ وزیر اعظم کو گھر بھیجنے کے بعد ممکن ہوسکے گی۔ وہ جمعیت علمائے اسلام کے مرکزی ترجمان حافظ حسین احمد سے ان کی رہائشگاہ پر جماعتی امور پر مشاورت کے بعد گفتگو کررہے تھے، اس موقع پر صوبائی امیررکن قومی اسمبلی مولانا عبدالواسع، صوبائی جنرل سیکریٹری رکن قومی اسمبلی سید محمود شاہ، مولانا انوار الحق، حافظ خلیل احمد ، حافظ رشید احمد، صاحبزادہ حافظ منیر احمد، حافظ زبیر احمد، رکن صوبائی اسمبلی اصغر ترین، ظفر حسین بلوچ اور دیگر بھی موجود تھے۔ مولانا فضل الرحمن نے مزیدکہا کہ متحدہ اپوزیشن نئے انتخابات کے مطالبہ پر سیسہ پلائی دیوار بن چکی ہے۔ ماہ دسمبر عمران نیازی پر بھاری ہوگا اور آزادی مارچ کے بعد سے اس حکومت کی الٹی گنتی شروع ہوچکی ہے، ہفتہ رفتہ کے واقعات کے بحران سے اپوزیشن کے موقف کی تائید ہوگئی ہے ، مرکزی کابینہ اور صوبہ پنجاب میں بار بار کی ’’رفوگری‘‘ سے حالات کو سنبھالا دینے والے اپنے آپ اور عوام کو دھوکہ دینا چاہتے ہیں مگر اب عوام حکمرانوں کا اصل چہرہ پہچان چکے ہیں۔

ای پیپر-دی نیشن