بلاول بھٹوکاقبائلی علاقوں میں حراستی مراکزپرگہری تشویش کا اظہار
اسلام آباد (نمائندہ خصوصی)چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری سے عوامی نیشنل پارٹی خیبرپختونخواہ کے صدر ایمن ولی خان نے زرداری ہائوس اسلام آباد میں ملاقات کی۔ ملاقات میں سید نیر حسین بخاری اور فرحت اللہ بابر بھی موجود تھے۔ ملاقات میں دونوں رہنمائوں نے کے پی میں قبائلی علاقہ جات کے معاشی وسائل قبضے میں لینے کے حوالے سے حکومتی قانون سازی کی مذمت کی گئی۔ دونوں رہنمائوں نے کے پی میں قبائلی علاقہ جات میں قائم حراستی مراکز پر گہری تشویش کا اظہار کیا اور امید ظاہر کی کہ سپریم کورٹ بہت جلد حراستی مراکز کے حوالے سے پٹیشن کا فیصلہ سنائے گی۔ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ ترقی پسند سیاسی جماعتوں کو جمہوریت اور بنیادی انسانی حقوق کا ایجنڈا آگے لے کر بڑھنا چاہیے۔ این پی کے رہنما نے چیئرمین بھٹو زرداری سے سابق صدر آصف علی زرداری کی صحت کے متعلق دریافت کرتے ہوئے کہا کہ ان کی نیک خواہشات اور دعائیں سابق صدر تک پہنچائی جائیں۔چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری سے پاکستان پیپلزپارٹی خیبرپختونخواہ کے ایک وفد نے زرداری ہائوس اسلام آباد میں ملاقات کی۔ ملاقات کرنے والوں میں نجم الدین خان، کرامت چغڑمتی اور محمد علی شاہ شامل تھے۔ وفد نے پارٹی چیئرمین کو مالاکنڈ اور دیر کا دورہ کرنے اور عوامی جلسوں کی دعوت دی۔ پارٹی رہنمائوں نے کے پی کی صورتحال سے پارٹی چیئرمین کو آگاہ کیا ۔پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی سربراہی میں پی پی پی کے مشاورتی اجلاس میں الیکشن کمیشن کے ارکان کی تقرری اور شہید بینظیر بھٹو کے یوم شہادت کے حوالے جلسہ عام اور اس کے لئے عوامی رائے عامہ کو ہموار کرنے کے لئے تبادلہ خیالات کیا گیا ،چیئرمین بلاول بھٹو نے ہر صوبے میں جاکر مختلف پروگراموں میں خود جلسے کی دعوت دینے کا فیصلہ کیا ،چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے ہدایت کی کہ خواہ کوئی کسی دوسری پارٹی میں کیوں نہ ہو، اگر کسی کا شہید بینظیر بھٹو سے تعلق رہا ہے تو اسے جلسے کی دعوت دیں۔