قومی اسمبلی کا ہنگامہ خیز اجلاس آج ہوگا ، آرمی ایکٹ میں ترمیم کا بل پیش کئے جانے کا امکان
اسلام آباد( وقائع نگار خصوصی) قومی اسمبلی کا ہنگامہ خیز اجلاس آج ہوگا ،جس میں آرمی چیف کی توسیع سے متعلق آرمی ایکٹ میں ترمیم کا بل پیش کئے جانے کا امکان ہے۔سپیکر قومی اسمبلی کی جانب سے تاحال گرفتار اپوزیشن ارکان کے پروڈکشن آرڈر جاری نہیں ہوئے جس پر اپوزیشن کی جانب سے احتجاج کا امکان ہے۔قومی اسمبلی اجلاس سے قبل ہاؤس بزنس ایڈوائزری کمیٹی کا اجلاس بھی ہو گا ،جس میں اجلاس کو احسن طریقے سے چلانے اور ایجنڈا طے کیا جائے ۔حکومت نے آرمی چیف کی مدت ملازمت کی توسیع سے متعلق قانون سازی کے معاملے پر 3رکنی کمیٹی بنادی ہے۔ کمیٹی میںوزیر خارجہ شاہ محمود قریشی، وزیر دفاع پرویز خٹک اور وفاقی وزیر منصوبہ بندی اسد عمر شامل ہیں۔ حکومتی کمیٹی آرمی چیف کی توسیع سے متعلق قانون سازی کے لئے اپوزیشن سے مذاکرات کرے گی اپوزیشن جماعتوں نے حکومت کی معاشی پالیسیوں،ملک میں مہنگائی ،بے روزگاری اور ملکی سیاسی صورٹھال پر احتجاج کا امکان ہے۔قومی اسمبلی اجلاس قبل اپوزیشن جماعتوں کا مشترکہ اجلاس بھی ہو گا جس میں احتجاج کی حکمت عملی طے کی جائے گی۔