• news

عالمی ادارے بھی پاکستان کی معاشی خودکفالت کا اعتراف کررہے ہیں: فیاض چوہان

لاہور (نیوز رپورٹر) صوبائی وزیر برائے اطلاعات فیاض الحسن چوہان نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان اور سردار عثمان بزدار کی انتھک قیادت میں ملک معاشی خود کفالت کی منازل طے کر رہا ہے اور اس حقیقت کا اعتراف عالمی مالیاتی ادارے بھی کر رہے ہیں۔ انہوں نے وزیر اعظم عمران خان اور وزیرِ اعلیٰ پنجاب کے ان پر اعتماد کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ اب حکومت اپوزیشن کی پچ پر ڈٹ کر کھیلے گی۔ انہوں نے کہا کہ مولانا اب صرف سوجی کے حلوے پر گزارہ کریں، نوٹوں کا جلوہ اب انکی قسمت میں نہیں رہا۔ فیاض الحسن چوہان نے مزید کہا کہ آل شریف کو سیمنٹ بجری کی سڑک اور منی لانڈرنگ اور کرپشن کے ٹھرک نے کہیں کا نہیں چھوڑا۔ پی ٹی آئی حکومت کے پہلے سوا سال میں پنجاب حکومت نے سردار عثمان بزدار کی قیادت میں سینکڑوں ایسے کارنامے سر انجام دیئے ہیں جو شاید صوبے کی تاریخ میں پہلی دفعہ ہوئے ہیں اور یہ کامیابی آل پاکستان لوٹ مار ایسوسی ایشن کے میڈیا سیل سے ہضم نہیں ہو رہی۔ ان خیالات کا اظہار صوبائی وزیر اطلاعات فیاض الحسن چوہان نے ڈی جی پی آر آفس میں پریس کانفرنس کے موقع پر ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ وزیرِ اعلٰی پنجاب سردار عثمان بزدار نے اپنی حکومت کے پہلے سال میں سی ایم سیکریٹریٹ کے اخراجات میں ملازمین کی تنخواہوں کے علاوہ ساٹھ فیصد کمی کی ہے۔ سردار عثمان بزدار کی قیادت کے پہلے سال میں محرم الحرام میں پہلی دفعہ سو فیصد امن و امان دیکھنے میں آیا۔ انہوں نے کہا کہ وزیرِ اعلی پنجاب نے دانیال چوہدری، طلال چوہدری اور میاں لطیف جیسے نام نہاد سیاسی معززین سمیت دیگر قبضہ مافیا سے سوا نو لاکھ سرکاری اراضی واگزار کرائی۔ فیاض الحسن چوہان نے مزید حقائق بیان کرتے ہوئے کہا کہ وزارت خزانہ کی پہلی سہ ماہی رپورٹ کے مطابق پنجاب حکومت نے آمدن اور اخراجات کی مد میں 75 ارب کا منافع حاصل کیا ہے جو عمدہ کارکردگی اور اعلیٰ ایڈمنسٹریشن کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ قانون سازی سے متعلق اعداد و شمار پر بات کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ 5 سالہ ن لیگی دور میں 34 کابینہ اجلاس ہوئے جبکہ سردار عثمان بزدار کی قیادت میں پہلے سوا سال میں پنجاب کابینہ کے 19 سے زائد اجلاس ہو چکے ہیں جن میں 36 سے زائد بل پاس ہو چکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب کے 4 اضلاع میں نیا پاکستان ہاؤسنگ سکیم کے تحت متوسط اور غریب طبقے کے لیے سستے گھروں کی تعمیر کا عمل جاری ہے۔ فیاض الحسن چوہان نے بتایا کہ گزشتہ حکومت نے کے پی کے کی طرز پر فیس سیونگ کرتے ہوئے ہڑبڑاہٹ میں چند اضلاع میں صحت کارڈز کی تقسیم کا عمل شروع کیا جو کہ پریمیئم کی عدم ادائیگی کے باعث کارڈ ہولڈرز اور مسلم لیگ( ن) کے لیے شرمندگی کا باعث بنا۔ اس کے برعکس وسیم اکرم پلس کے نام سے جانے جانے والے سردار عثمان بزدار نے پنجاب کے 32 اضلاع میں انصاف صحت کارڈز کی تقسیم مکمل کر دی ہے جسمیں کارڈ ہولڈرز کو سات لاکھ سے زیادہ کی انشورنس رقم اور پہلے سے کہیں زیادہ بیماریوں کے خلاف کوَر مل سکے گا۔ صحت کے حوالے سے مزید حقائق بتاتے ہوئے صوبائی وزیر نے کہا کہ صوبے کی تاریخ میں پہلی مرتبہ 194 بنیادی مراکز صحت میں پورا ہفتہ چوبیس گھنٹے میڈیکل سہولیات کی فراہمی کو ممکن بنایا گیا ہے۔ صوبائی وزیر اطلاعات نے کہا کہ بلاول ابھی بچے اور من کے کچے ہیں۔ انہوں بلاول بھٹو کو مشورہ دیتے ہوئے کہا کہ اب وقت آگیا ہے کہ بلاول میچور ہو جائے اور رومن اردو کا سہارا لینا چھوڑ دے۔ کاشانہ سکینڈل سے متعلق ایک سوال کے جواب میں فیاض الحسن چوہان نے کہا کہ مذکورہ خاتون افشاں لطیف کا شوہر نوشاد لطیف شہباز شریف کا کارندہ ہے اور انہوں نے صرف حکومتی ساکھ کو نقصان پہنچانے کے لیے من گھڑت حقائق کا ڈھونگ رچایا۔ سی ایم آئی ٹی اور متعلقہ محکمے کی دو رپورٹس موصوفہ کے خلاف آ چکی ہیں جو ان کے بیان کیے گئے حقائق کی نفی کرتی ہیں۔

ای پیپر-دی نیشن