معاشی میدان میں اصلاحات کی تعریف، پاکستان کا کریڈٹ آؤٹ لک مستحکم ہونے پر خوشی ہوئی: ایلس ویلز
واشنگٹن (نیٹ نیوز) امریکی نائب معاون وزیرخارجہ ایلس ویلز نے معاشی میدان میں پاکستانی حکومت کی اصلاحات کی تعریف کرتے ہوئے کہا ہے کہ وزارت خارجہ کی کوششوں اور آئی ایم ایف پروگرام سے یہ ممکن ہوا۔ تفصیلات کے مطابق معاشی اصلاحات کے باعث موڈیز کی جانب سے پاکستان کی درجہ بندی میں بہتری پر امریکی نائب معاون وزیرخارجہ نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر پاکستانی حکومت کی معاشی میدان میں اصلاحات کی تعریف کرتے ہوئے کہا موڈیز نے پاکستان کے کریڈٹ آئوٹ لک میں نظرثانی کی۔ پاکستان کے کریڈٹ آئوٹ لک کے منفی سے مستحکم ہونے پر خوشی ہے۔ وزارت خارجہ کی کوششوں اور آئی ایم ایف پروگرام سے یہ ممکن ہوا۔ ایلس ویلز کا کہنا تھا کہ جرأتمندانہ معاشی اصلاحات سے پاکستان پیداوار اور برآمدات بڑھا سکتا ہے جبکہ اصلاحات کے نتیجے میں پاکستان سرمایہ کاری کو بھی راغب کر سکتا ہے۔