• news

نیازی، نیب گٹھ جوڑ پھر ناکام، انکے وکیل، احتساب عدالت سے دم دبا کر بھاگے: شہباز شریف

لندن (چودھری عارف پندھیر‘نوائے وقت رپورٹ) شہباز شریف نے وزیراعظم عمران خان کو یوٹرن ماسٹر قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ نیازی اور نیب گٹھ جوڑ ایک مرتبہ پھر ناکام ہوا۔ لندن میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے شہباز شریف نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان اور نیب کے گٹھ جوڑ سے میرے اثاثے منجمد کئے گئیہیں۔ میں نے ہمیشہ کہا کہ عمران نیازی اور نیب کا گٹھ جوڑ ہے، اللہ تعالیٰ نے سپریم کورٹ میں ہمیں سرخرو کیا۔ صاف پانی کیس میں بلا کر آشیانہ کیس میں گرفتار کر لیا گیا اور دونوں مقدمات میں میرٹ پر ضمانت ہوئی لیکن نیب نے چیلنج کر دیا تھا۔ ملک کی سیاسی صورت حال پر تشویش ہے۔ مقبوضہ کشمیر میں ظلم و بربریت جاری ہے اور مسئلہ کشمیر اجاگر کرنے کے لیے یک جہتی ضروری ہے۔ ہم چاہتے ہیں کشمیری بہنوں اور بھائیوں کے کاز کے لیے اٹھ کھڑے ہوں اور ان کی آواز اور کاز کو پوری دنیا میں اجاگر کرنے کے لیے پاکستان میں اتحاد کی ضرورت ہے۔ اللہ تعالیٰ کا لاکھ لاکھ شکر ہے کہ ایک مرتبہ پھر جھوٹ اور سچ کو الگ کرکے دکھا دیا اورآج سچائی کی تیز روشنی کو پوری قوم دیکھ رہی ہے۔ اللہ نے ہمیں عدالت عظمیٰ میں سرخرو کیا اور پوری قوم نے دیکھا کہ ہماری نیک نیتی کی گواہی کی آواز عدالت عظمیٰ میں سنائی دی گئی۔ میری ضمانت کو منسوخ کرنے کے حوالے سے عمران خان نیازی اور نیب نے درخواست دی، ہمیشہ کہتا رہا یہ گٹھ جوڑ ہے مگر اب تو اس میں کوئی شک نہیں رہا۔ نعیم بخاری وکیل ہیں اور وہ پی ٹی آئی کی اندرونی ٹیم اور پی ٹی آئی کا حصہ ہیں اور ضمانت منسوخی کی نیب درخواست پر وہ پیش ہوئے حالانکہ نیب کے پاس پراسیکیوٹرز کی فوج ظفر موج ہے۔ اس کو نیب نے ایک طرف کیا اور میرے ساتھ الفت کا ثبوت یہ دیا اور پی ٹی آئی کے رکن نعیم بخاری کو عدالت میں مقدمے کا دفاع کیلئے پیش کیا۔ عدالت عظمیٰ نے سوالات کیے لیکن جب نعیم بخاری نے دیکھا کہ ان کی دال نہیں گل رہی تو انہوں نے اسی میں عافیت جانی کہ میرے خلاف جو درخواست دی اس کو خود واپس لے لیں، ہمارے لیے عزت کی اس سے بڑی کوئی بات نہیں ہوسکتی۔ مسلم لیگ (ن) کے خلاف سب سے پہلا جو کیس بنایا گیا وہ یہ آشیانہ تھا۔ مجھے یقین کامل ہے کہ نواز شریف سمیت ان کی ٹیم کے ایک ایک فرد کی بے گناہی سامنے آتی رہے گی اور آ رہی ہے۔ اور نواز شریف کی قیادت میں 2014 سے لے کر 2018 تک تمام تر نامساعد حالات کے باوجود ترقی کے منصوبے شروع کیے گئے، ان کو پایہ تکمیل تک پہنچایا گیا۔ حکومتی اقدامات پر تنقید کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ نواز شریف کی قیادت میں پاکستان نے ترقی کی اور 20,20 گھنٹے کی لوڈ شیڈنگ ختم کی حالانکہ 2014ء سے پہلے 20,20 گھنٹے لوڈ شیڈنگ ہوتی تھی۔ ہم پر جھوٹے مقدمات بناکر زہر اگلا گیا۔ عمران نیازی، نیب گٹھ جوڑ سے ہر پاکستانی رنجیدہ ہے۔ عمران خان اور ان کے مشیروں نے ڈیڑھ سال میں ہمارے خلاف زہر اگلا۔ عمران خان یوٹرن کے ماسٹر ہیں۔ میں نے اپنی زندگی میں اس سے زیادہ جھوٹا اور قوم کو تقسیم کرنے والا وزیراعظم نہیں دیکھا۔ عمران خان اگر چوتھائی حصہ بھی ملک کو سنوارنے میں لگاتے تو ملک کی حالت آج یہ نہ ہوتی۔ کہاں گئے پچاس لاکھ گھر، ڈیڑھ سال میں ایک گھر نہیں بنا۔ عمران خان غصے سے بھرا اور احسان فراموش انسان ہے۔ منگل کے روز عمران خان کے وکیل اور نیب عدالت سے دم دبا کر بھاگ گئے۔ پچاس لاکھ گھر تو کیا حکومت نے پندرہ اینٹیں بھی نہیں لگائیں۔ نیب نیازی گٹھ جوڑ ایک دھیلے کی کرپشن بھی سامنے نہ لا سکا۔ اس شخص نے اپوزیشن کو دیوار سے لگانے کیلئے جھوٹے مقدمات بنائے۔ پشاور میں بی آر ٹی منصوبے میں اب بھی توڑ پھوڑ ہو رہی ہے۔ یہ لوگ گلا پھاڑ پھاڑ کر کہتے ہیں کہ میں نے اربوں کی کرپشن کی۔ پی ٹی آئی کے ایسے وزراء بھی ہیں جن کو سزائیں ہوئیں، معافی نامے لکھے ہوئے ہیں۔ پی ٹی آئی حکومت کی ناکام پالیسیوں سے بیروزگاری بڑھ گئی، قرضے چڑھ گئے۔ مجھ پر یا میرے بچوں پر کرپشن ثابت ہوئی تو سیاست چھوڑ دوں گا۔ علاوہ ازیں نواز شریف اور شہباز شریف نے مسلم لیگ ن کے چھ رکنی وفد کو لندن طلب کر لیا ہے۔ وفد میں پرویر رشید‘ خواجہ آصف‘ احسن اقبال‘ مریم اورنگزیب‘ رانا تنویر اور ایاز صادق شامل ہیں۔ وفد نواز شریف اور شہباز شریف سے آرمی ایکٹ کے حوالے سے قانون سازی کے بارے میں ہدایات لے گا۔ ڈیڑھ سال میں ملک کا بیڑاغرق کر دیا ہے، عمران خان نے پاکستان کی معیشت کو تباہ کردیا ہے، ملک مزید اس حکومت کا متحمل نہیں ہو سکتا ہے اور جلد ان ہائوس تبدیلی لائی جائے، اس سے قوم کی بہتری ہو سکتی ہے، عمران خان کا چیمبر خالی ہے کوئی بات نہیں سمجھتے ہیں۔

ای پیپر-دی نیشن