حکومتی اداروں کے درمیان بھی طاقت کی لڑائی جاری ہے، معلومات تک رسائی میں تعاون نہیں کرتے: شہزاد اکبر
اسلام آباد(نامہ نگار+نمائندہ خصوصی) وزیراعظم کے معاون خصوصی شہزاد اکبر نے کہا ہے کہ حکومتی اداروں کے درمیان بھی طاقت کی لڑائی جاری ہے،ادارے ایک دوسرے کیساتھ معلومات تک رسائی میں تعاون نہیں کرتے۔معاون خصوصی احتساب نے اسلام آباد میں پالیسی ادارہ برائے پائیدار ترقی کی بائیسویں سالانہ ترقیاتی کانفرنس کے دوسرے دن کے افتتاحی سیشن سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ معلومات تک رسائی ہر شہری کا بنیادی حق ہے، پاکستان میں قانون سازی ہوتی ہے لیکن عمل نہیں ہوتا، نئی قانون سازی سے زیادہ پہلے سے موجود قوانین پرعمل کرنے کی ضرورت ہے۔شہزاد اکبر کا کہنا تھا کہ حکومتی اداروں کے درمیان بھی طاقت کی لڑائی جاری ہے، ادارے ایک دوسرے کیساتھ معلومات تک رسائی میں تعاون نہیں کرتے، کہا جاتا ہے کہ سرکاری اداروں کے افسران کی تنخواہیں پبلک ہونی چاہئیں، کوئی ملک ایسا نہیں جو سرکاری افسران کی تنخواہیں پبلک کرے۔