ماضی میں کی غلطیاں یاد ‘ٹھیک کرنے کیلئے محنت کی:بابر اعظم
لاہور(سپورٹس رپورٹر+نمائندہ سپورٹس) پاکستانی ٹی ٹونٹی کرکٹ ٹیم کے کپتان بابراعظم نے کہاہے کہ انہوں نے ماضی کی غلطیوں پر محنت سے قابو پایاجس کے باعث حالیہ دورہ آسٹریلیا میں کامیابی ملی۔ 2016ء کا دورہ آسٹریلیا بابراعظم کیلئے خاصہ برا رہا تھا جس میں وہ 11.33 کی اوسط کیساتھ صرف 68 رنز ہی بنا سکے تھے مگر حالیہ دورہ آسٹریلیا میں انہوں نے عمدہ کارکردگی دکھائی اور 52.50 کی اوسط کیساتھ ایک سنچری اور ایک نصف سنچری کی مدد سے 210 رنز بنائے۔بابراعظم نے کہا کہ تین سال قبل مجھے زیادہ تجربہ نہیں تھا جو آپ کو بین الاقوامی سطح پر کھیل کر ہی حاصل ہوتا ہے۔ آپ ناصرف حریفوں پر بلے خود پر بھی نظر رکھتے ہیں، ماضی میں کی گئی اپنی غلطیاں یاد تھیں اور میں نے ان پر بہت کام کیا۔بابراعظم نے اعتراف کیا کہ آسٹریلیا کے بائولنگ اٹیک کا سامنا پوری سیریز میں ہی ایک مشکل چیلنج تھا۔انہوں نے کہا کہ آسٹریلیا میں سکور کرنے پر جو اعتماد اور خوشی ملتی ہے وہ شاید کہیں اور نہیں ملتی۔ آسٹریلین ٹیم کا بائولنگ اٹیک شاندار ہے، اگر آپ مچل سٹارک، پیٹ کمنز اور جوش ہیزل ووڈ جیسے بائولرز کیخلاف رنز بنائیں تو یقینا بہت اعتماد ملتا ہے، اس کیلئے آپ کو بہت سے لمحات سے گزرتا پڑتا ہے جس سے آپ صبر کیساتھ رنز بنانا سیکھتے ہیں۔