خواہش ہے ٹوکیو اولمپکس میں پاکستان کا پرچم بلند کروں : سعدی عباس
لاہور(سپورٹس رپورٹر+نمائندہ سپورٹس)پاکستان کے ٹاپ کراٹے کھلاڑی سعدی عباس نے کہا ہے کہ گولڈ میڈل جیتنے کی خوشی میں اس وقت اور اضافہ ہوجاتا ہے جب میڈل لینے کے بعد پاکستان کا قومی ترانہ بجایا جاتا ہے۔سعدی عباس نے نیپال میں جاری ساؤتھ ایشین گیمز میں کراٹے کے مقابلوں میں گولڈ میڈل حاصل کیا، یہ سعدی کے کیریئر کا 16 واں انٹرنیشنل گولڈ میڈل تھا۔انہوں نے کہا کہ ان کی نظریں اولمپکس پر مرکوز ہیں اور خواہش ہے کہ وہ ٹوکیو اولمپکس میں پاکستان کا پرچم سربلند کریں۔خواہش ہے کہ میں اولمپکس میں بھی پاکستان کا پرچم سربلند کروں، ٹوکیو میں بھی پاکستان کا قومی ترانہ بجے۔جب گولڈ میڈل جیتنے کے بعد پاکستان کا قومی ترانہ بجتا ہے تو بہت اچھا لگتا ہے، کامن ویلتھ چیمپئن شپ کے بعد اب ایک بار پھر یہ خوشی ساؤتھ ایشین گیمز میں ملی جس پر میں بے حد خوش ہوں۔ وہ اولمپکس کیلئے پر امید ہیں اور اپنی جانب سے بھرپور تیاریاں کررہے ہیں لیکن انہیں حکومتی سرپرستی کی بھی ضرورت ہے۔سعدی کی اولمپکس کوالیفائنگ رینکنگ 23 ویں ہے، انہیں کوالیفائی کرنے کیلئے ٹاپ 4 میں جگہ بنانی ہے اور مئی تک مزید پانچ رینکنگ ٹورنامنٹس کھیلنے ہیں جس کے بعد ڈائریکٹ کوالیفائنگ راؤنڈ بھی ہے۔سعدی نے کہا کہ انہیں کوچ اور باضابطہ ٹریننگ پروگرام کی ضرورت ہے جو حکومتی تعاون سے ہی یقینی ہوسکتا ہے۔ دنیا 4 سال پہلے اولمپکس کی تیاریاں شروع کردیتی ہے اور یہاں چھ روز پہلے کیمپ لگانے کا خیال آتا ہے، اگر سپورٹس کو بہتر کرنا ہے تو کھلاڑیوں پر توجہ دینا بھی ضروری ہے۔