شہباز شریف پہلے اپنی پارٹی میں ان ہاؤس تبدیلی لائیں پھر پارلیمنٹ کی بات کریں: فردوس عاشق
اسلام آباد (وقائع نگار خصوصی‘اے پی پی) وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ شہباز شریف پہلے اپنی پارٹی میں ان ہاؤس تبدیلی لائیں پھر پارلیمان میں تبدیلی کی بات کریں۔ جمعرات کو ایک ٹویٹ میں انہوں نے کہا کہ ن لیگ کے صدر شہباز شریف ہیں لیکن فیصلے ان کی جگہ کوئی اور کرتا ہے،کٹھ پتلی صدر ہونے سے بہتر ہے کہ پہلے اپنی پارٹی کے حقیقی صدر تو بن جائیں۔ انہوں نے کہا کہ ان ہاؤس تبدیلی کا بیان بلی کے خواب میں چھیچھڑے کے مترادف ہے، ان حسرتوں کے لئے ان سے ہمدردی ہی کی جاسکتی ہے۔ معاون خصوصی نے کہا کہ ان ہاؤس تبدیلی کی شوبازی نہ کریں، پارلیمان میں آکر قانون سازی کی ذمہ داری پوری کریں۔ چیئرمین سینٹ تبدیل کرنے کے معاملے میں اپوزیشن کو جس ہزیمت کا سامنا کرنا پڑا وہ شاید شہباز شریف بھول گئے ہیں۔ بلاول اور مولانا بھی پارلیمان کی بالادستی کے اپنے دعوؤں پر عمل کریں اور پارلیمان میں قانون سازی سے متعلق اپنی جماعتوں کو یرغمال نہ بنائیں۔