مسلم لیگ ن کا وفد لندن پہنچ گیا، شہبازشریف سے ملاقات، مشاورتی اجلاس آج
لندن ، اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ، نمائندہ خصوصی‘وقائع نگار خصوصی) مسلم لیگ (ن) کا اعلیٰ سطحی وفد لندن پہنچ گیا اور شہبازشریف سے ملاقات میں اہم امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وفد میں خواجہ آصف، سردار ایاز صادق، مریم اورنگزیب اور رانا تنویر حسین شامل ہیں۔ شہباز شریف کی زیرصدارت مسلم لیگ (ن) کا مشاورتی اجلاس آج ہوگا جس میں آئندہ کا لائحہ عمل طے کیا جائے گا۔ اس کے علاوہ چیف الیکشن کمشنر کی تعیناتی اور آرمی چیف کی مدت میں توسیع پر بھی مشاورت ہوگی۔ خواجہ آصف نے بتایا کہ شہبازشریف نے اجلاس کیلئے بلایا ہے، لندن میں نوازشریف کی عیادت بھی کریں گے۔ مریم اورنگزیب نے اس بات کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کا وفد قیادت سے رہنمائی حاصل کرے گا۔