نیا پاکستان عام آدمی، معاشی آؤٹ لک مستحکم ہونا بڑی کامیابی: عثمان بزدار، وزیراعظم کو مبارکباد
لاہور (نیوز رپورٹر) وزیر اعلیٰ عثمان بزدار نے کہا ہے کہ سابق ادوار میں کرپشن کا دور دورہ تھا اور سابق حکمرانوں کی غلط پالیسیوں کا خمیازہ عوام کو بھگتنا پڑا۔ عمران خان کی قیادت میں تحریک انصاف کی حکومت نے پاکستان کو درست سمت میں ڈال دیا ہے اور ہماری جدوجہد پاکستان کو سدھارنے اور عوام کو خوشحال کرنے کی ہے -ہر قدم وطن عزیز کی بہتری کیلئے اٹھ رہا ہے -تحریک انصاف نے کبھی ذاتی مفادات کی سیاست نہیں کی اور نہ کبھی آئندہ کریں گے - ہمیشہ قومی مفادات کو مقدم رکھا ہے۔ تحریک انصاف کی حکومت پاکستان کی سیاسی تاریخ کی شفاف ترین حکومت ہے - شفافیت کا اعتراف ہر سطح پر کیا جارہا ہے - انہوں نے کہاکہ تبدیلی سے خوفزدہ عناصر حکومت کے خلاف بے سود پراپیگنڈا کر رہے ہیں - قومی خزانے کو لوٹنے والے عناصر قوم کے مجرم ہیں -ماضی کی لوٹ مار کا دور کبھی واپس نہیں آئے گا- عثمان بزدار نے مختلف وفود سے گفتگو میں کہاکہ تحریک انصاف کی حکومت نے وسائل کا رخ پسماندہ علاقوں کی ترقی کیلئے موڑ دیا ہے - ماضی کی غلط ترجیحات کے باعث پنجاب کے دور دراز شہر ترقی سے محروم رہے - ترقی اور خوشحالی ہر شہر کے لوگوں کا بنیادی حق ہے۔نیا پاکستان عام آدمی کا پاکستان ہے۔ وہ پاکستان بنا رہے ہیں جس کا خواب قائداعظمؒ نے دیکھا تھا۔ عثمان بزدارنے معاشی اشارئیے بہتر ہونے پر وزیراعظم عمران خان ،معاشی ٹیم اور قوم کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ عالمی مالیاتی کریڈٹ ریٹنگ ایجنسی موڈیز نے بھی معاشی اشاریوں کو مثبت قرار دے کر حکومت کے معاشی اقدامات پر بھرپور اعتماد کا اظہار کیا ہے اورپاکستان کے معاشی آؤٹ لک کا منفی سے مستحکم میں تبدیل ہونا قابل قدر کامیابی ہے ۔ انہوںنے کہا کہ موڈیزنے غیر ملکی سرمایہ کاری میں پاکستان کی بھارت پر برتری کی بھی تصدیق کی ہے ۔عوام جان چکے ہیں کہ کون معیشت کیلئے خود کش بمبار بنا اورکس نے گرتی پڑتی معیشت کو سہارادیا۔