• news

اپوزیشن جو چاہے کرلے حکومت پانچ سال پورے کرے گی: پرویز الٰہی

جلالپور جٹاں، گجرات، لاہور (نامہ نگاراں+ نوائے وقت رپورٹ) مسلم لیگ (ق) کے رہنما چودھری پرویز الٰہی نے جلالپور جٹاں میں گیس منصوبے کا افتتاح کر دیا۔ اس موقع پر پرویز الٰہی نے کہا کہ اپوزیشن جو چاہے کر لے حکومت کہیں نہیں جانے والی، حکومت پانچ سال پورے کرے گی۔ ہم نے ملک کو انتشار سے بچایا مسلم لیگ ق تحریک انصاف حکومت کے ساتھ ڈٹ کر کھڑی ہے۔ چودھری شجاعت حسین اور میں نے دھرنا مظاہرین سے مسلسل مذاکرات کئے ۔ 65 کروڑ روپے کی لاگت کا یہ میگا پروجیکٹ ہمارے نوجوان ایم این اے حسین الٰہی لے کر آئے ہیں، کاروباری طبقہ اور پاٹری سے وابستہ صنعتکار اس سے مستفید ہو سکیں گے، سابقہ حکومت نے دس سال میں یہاں کوئی کام نہیں کیا، شہبازشریف نے شہباز برج کا جو برا حال کیا وہ سب کے سامنے ہے، آج ہم اسے بھی دوبارہ شروع کروا رہے ہیں، اسی طرح 1122 کا مین مرکز بھی یہاں بنا رہے ہیں اور چھوٹی چھوٹی گلیوں کیلئے موٹر سائیکل سروس بھی شروع کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت پانچ سال پورے کرے گی، اپوزیشن کا حق ہے کہ وہ تنقید کرے، مولانا فضل الرحمن کا دھرنا خوش اسلوبی سے ختم کروایا اور یہی ہر وقت حکومت کے ساتھ چل رہے ہیں، مولانا فضل الرحمن کے دھرنے میں دو لاکھ افراد تھے، مولوی اور پولیس آمنے سامنے تھے مگر ایک گلاس بھی نہیں ٹوٹا، ہم نے فیصلہ کیا ہے کہ ہم اپنے مخالفین کے خلاف کوئی کارروائی نہیں کریں گے اور نہ ہی مخالفین کو دیوار کے ساتھ لگائیں گے، اقتدار میں آزمائش شروع ہو جاتی ہے، ہم نے اس آزمائش پر پورا اترنا ہے، شہبازشریف رنگ باز ہے، سیالکوٹ- لاہور موٹروے ہمارے منصوبے کو دوسری جگہ سے لے جانا چاہتے تھے مگر وہ ایسا نہ کرسکے، اللہ کو منظور ہوا تو موٹروے یہیں سے گزرے گی، پی ٹی آئی کے لوگوں کو کہتا ہوں کہ صبر کریں انہوں نے کہا کہ شہبازشریف نے ہسپتالوں کا برا حال کر دیا، حسین الٰہی نے بھی خطاب کیا جبکہ چودھری وجاہت حسین، شجاعت نواز اجنالہ، محمد خان بھٹی، چودھری نعیم رضا، عبداللہ یوسف، خالد گھرال، منصور حیات بٹ، بابر سلیم کھوکھر، امتیاز احمد گوگا، سید ہاشم شاہ، عاطف شاہ اور میاں عمران مسعود بھی سٹیج پر موجود تھے۔ چودھری پرویزالٰہی نے سیف سٹی گجرات کا افتتاح کیا، انہیں لالہ موسیٰ سے گجرات تک لگائے گئے سیف سٹی کیمروں کے بارے میں بریف کیا گیا، انہیں پولیس لائنز میں گارڈ آف آنر بھی پیش کیا گیا۔

ای پیپر-دی نیشن