ساؤتھ ایشین گیمز، پاکستان کے 14 گولڈ سمیت میڈلز کی تعداد 61 ہو گئی
لاہور(سپورٹس رپورٹر+نمائندہ سپورٹس) 13 ویں ساوتھ ایشین گیمز میں پاکستان کے مجموعی میڈلز کی تعداد 61 ہو گئی جس میں 14 گولڈ، 18 سلوراور 29 برانز میڈلز شامل ہیں۔ گیمز کے پانچویں روز مزید تین گولڈ اتھلیٹکس اور تائیکوانڈو میں حاصل کیے۔ اتھلیٹکس میں پاکستان کے محمد نعیم نے 110 میٹر رکاوٹوں کی دوڑ میں گولڈ میڈل حاصل کیا۔ تائیکوانڈو میں ہارون خان نے 58 کلو گرام میں جبکہ رب نواز نے 80 کلو گرام کلاس میں طلائی تمغہ اپنے نام کیا۔ شوٹنگ کے 10 میٹر ائر رائفل مینز ٹیم ایونٹ میں سلور میڈل حاصل کر کے سلور میڈلز کی تعداد 18 کر دیا۔ شوٹنگ ٹیم میں ذیشان الشاکر فرید، غفران عادل اور عاقب لطیف شامل تھے۔ جمعرات کو پاکستان نے چار مزید برانز میڈل حاصل کیے۔ اتھلیٹکس میں پاکستان کے صاحب عسریٰ نے 400 میٹر ریس میں، بیڈمنٹن ڈبلز میں راجہ محمد حسنین اور محمد عتیق نے، ویٹ لیفٹنگ منفی 55 کلو گرام کلاس میں صائمہ شہزاد نے جبکہ تائیکوانڈو کی 49 کلو گرام کلاس میں عائشہ نور نے برانز میڈل جیتا۔