سلیکٹڈ وزیراعظم کا ایجنڈا اپوزیشن کو ملیا میٹ کرنا ہے: شہباز شریف
لندن (عارف پندھیر + نوائے وقت رپورٹ) شہباز شریف نے لندن میں میڈیا سے گفتگو میں کہا ہے کہ نیازی نیب گٹھ جوڑ جاری ہے۔ عمران خان میں اپوزیشن کیلئے بغض بھرا ہوا ہے۔ پاکستان کے سلیکٹڈ وزیراعظم اپوزیشن جماعتوں کے خلاف ہیں۔ عمران خان کو عام پاکستانی کے مسائل کا احساس نہیں۔ وزیراعظم کا صرف ایک ہی ایجنڈا ہے اپوزیشن کو ملیا میٹ کر دیں۔ میٹرو ٹرین پر پنجاب حکومت نے مجرمانہ غفلت کا مظاہرہ کیا۔ میٹرو ٹرین کے افتتاح پر لاہور کے عوام کو مبارکباد دیتا ہوں۔ مسلم لیگ (ن) کے رہنماؤں سے مل رہا ہوں۔ نواز شریف کا علاج ہو رہا ہے۔ میرے خلاف جو ہو رہا ہے یہ نیب نیازی گٹھ جوڑ ہے۔ سلیکٹڈ کا اپر چیمبر خالی ہے۔ ذہن میں بھوسہ بھرا ہوا ہے۔ انہیں ذرا بھی احساس نہیں کہ پاکستان کے مسائل کیا ہیں۔ حکومت کو ملک اور لوگوں کے مسائل کا احساس نہیں۔ اپوزیشن کو ملیا میٹ کرنا ان کی بہت بڑی بھول ہے۔ انشاء اﷲ ایسا کبھی نہیں ہو گا۔دوسری جانب نوازشریف کی بیماری کی ابھی تک تشخیص نہیں ہوئی۔ ان کے برج ہسپتال لندن میں مزید ٹیسٹ ہوئے، حسین نواز اور ڈاکٹر عدنان ساتھ تھے۔ نئے ٹیسٹوں کے رزلٹ آنے پر ان کا علاج شروع ہوگا۔