• news

لاہور ٹرانسپورٹ کمپنی کی بندش اور سموگ کی روک تھام کے مؤثر اقدامات نہ کرنے کیخلاف قراردادیں پنجاب اسمبلی میں جمع

لاہور (خصوصی نامہ نگار) لاہور ٹرانسپورٹ کمپنی کے روٹس بند کرنے اور سموگ کی روک تھام کے خاطرخواہ اقدامات نہ کرنے کے خلاف پنجاب اسمبلی میں قراردادیں جمع کرا دی گئی ہیں۔ تفصیلات کے مطابق مسلم لیگ (ن) کی رکن عظمیٰ بخاری نے لاہور ٹرانسپورٹ کمپنی کی جانب سے تمام روٹس بند کرنے کیخلاف پنجاب اسمبلی میں قرارداد جمع کرادی۔ شہرمیں مجموعی طور پر 19بسوں کے روٹ بند کئے گئے ہیں۔2012 میں ایل ٹی سی کے پاس 19روٹس پر400 بسیں تھیں۔2019 میں بسیں بڑھانے کی بجائے تمام روٹس بند کردیے گئے ہیں جس کی وجہ سے مسافروں کو شدید پریشانی کا سامنا کرنا پڑرہا ہے۔ یہ ایوان مطالبہ کرتا ہے کہ تمام روٹس پر سروس کی بحالی کیلئے جلد لائحہ عمل تیار کیا جائے۔ دریں اثناء حکومت کی طرف سے سموگ کی روک تھام کیلئے خاطر خواہ اقدامات نہ کرنے کیخلاف پنجاب اسمبلی میں قرارداد مسلم لیگ (ن) کی رکن سمیرا کومل کی جانب سے جمع کرائی گئی۔ حکومت کی جانب سے سموگ کی روک تھام کیلئے ضروری اقدامات نہ اٹھانا افسوسناک ہے۔ لاہور آلودگی کے حوالے سے تیسرے نمبر پر آگیا ہے۔ قرارداد میں مطالبہ کیا گیا کہ سموگ کی روک تھام کیلئے ہنگامی بنیادوں پر عملی طور پراقدامات کیے جائیں۔

ای پیپر-دی نیشن