• news

امریکی ناظم الامور کی ملاقات، افغانستان میں امن کیلئے مصالحت کرتے رہیں گے: شاہ محمود

اسلام آباد (سٹاف رپورٹر) پاکستان میں تعینات امریکی ناظم الامور پال جونز نے وزارت خارجہ میں وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی سے ملاقات کی۔ دفتر خارجہ کے مطابق دوران ملاقات دوطرفہ تعلقات، خطے میں امن و امان کی صورتحال سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات میں خصوصی طور پر افغانستان کے امور پر بات چیت کی گئی۔ شاہ محمود قریشی نے ان سے کہا کہ پورے خطے میں تعمیر و ترقی کا انحصار افغانستان میں قیام امن سے مشروط ہے۔ افغانستان میں قیام امن کیلئے پاکستان اپنا مصالحانہ کردار خلوص نیت سے ادا کرتا رہے گا۔ امریکہ کی طرف سے "افغان امن مذاکرات" کی بحالی کے فیصلے کا خیر مقدم کرتے ہیں ۔ وزارت خارجہ اور تمام متعلقہ ادارے نجی شعبے میں کام کرنے والی بین الاقوامی تنظیموں کو رجسٹریشن کے عمل میں ہر ممکن سہولت مہیا کریں گے ۔ دفتر خارجہ کے مطابق وزیر خارجہ کی زیر صدارت نجی شعبہ میں کام کرنے والی بین الاقوامی تنظیموں کے حوالے سے وزارت خارجہ میں اعلٰی سطح کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے یہ بات کہی۔ اجلاس میں وزیر داخلہ بریگیڈیئر (ر) اعجاز شاہ، ڈی جی انٹیلی جنس بیورو ڈاکٹر محمد سلیمان، سیکرٹری خارجہ سہیل محمود اور وزارت خارجہ کے سینئر حکام نے شرکت کی۔ وزیر داخلہ اعجاز شاہ نے بتایا کہ نجی شعبہ جات میں کام کرنے والی بین الاقوامی تنظیموں کیلئے رجسٹریشن اور قواعد و ضوابط کی پابندی کو یقینی بنا رہے ہیں ۔ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ بین الاقوامی غیر سرکاری تنظیمیں پاکستان کے مختلف شعبہ جات میں گرانقدر خدمات سر انجام دے رہی ہیں ۔رجسٹریشن کے عمل سے ان غیر سرکاری بین الاقوامی تنظیموں کو پاکستان میں احسن طریقے سے کام کرنے کا موقع ملے گا ۔وزارت خارجہ کو اکیسویں صدی کے جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کے لیے وزارت خارجہ میں "ویژن ایف او "منصوبے کا آغاز ہو گیا ہے ۔تقریب میں چیرمین سینٹ سٹینڈنگ کمیٹی برائے امور خارجہ سینیٹر مشاہد حسین سید، ڈپلومیٹک کور، سوشل میڈیا و ڈیجیٹائزیشن ماہرین اور وزارت خارجہ کے سینیر حکام نے شرکت کی۔ وزیر خارجہ نے کہا کہ جدید تقاضوں کے مطابق وزارت خارجہ میں ڈیجیٹائزیشن کے فروغ کیلئے نئی ویب سائٹ متعارف کروائی جا رہی ہے۔یہ نئی ویب سائٹ، صارفین کو معلومات کی بروقت اور بلا تعطل، ترسیل کو یقینی بنانے کیلئے متعارف کروائی جا رہی ہے۔وزارت خارجہ کے جملہ افسران کو "پالیسی سازی" کے مشاورتی عمل میں شامل کرنے کیلئے اور ان کی صلاحیتوں سے بھرپور استفادہ کرنے کیلئے جلد "ایف ایم کنکٹ" موبائل اپلیکیشن کا آغاز کیا جائے گا۔"ایف ایم کنکٹ "ایپلیکیشن وزارت خارجہ کے تمام افسروں کو یہ موقع فراہم کرے گی کہ اہم خارجہ پالیسی امور پر بلا جھجھک، آزادانہ طور پر اپنی رائے کا اظہار کریں ۔وزارت خارجہ کی کارکردگی کو مزید بہتر اور فعال بنانے اور استعداد کار میں اضافے کے لیئے "ای آفس سسٹم" کا آغاز کیا جا رہا ہے ۔ ہمیں سول میڈیا کی طاقت کو سمجھنا چاہئے موجودہ دور میں سوشل میڈیا اطلاعات فراہمی رحجانات کے تعین میں اہم کردار ادا کر رہا ہے پاکستان ای ویزا جاری کرنے والے ممالک میں شامل ہو چکا ہے ہم اطلاعات کی شفاف ترسیل اور رسائی چاہتے ہیں ہم آفیسرز کو گریڈ کے بجائے کارکردگی کی بنیاد پر جانچنا چاہتے ہیں ۔ فارس سروس اکیڈیمی کو جدید بنیادوں پر استوار کر رہے ہیں ۔

ای پیپر-دی نیشن