• news

شریف خاندان کیخلاف کرپشن کا جھوٹا بیانیہ نیست ونابود ہوگیا ،مریم اورنگزیب

اسلام آباد (وقائع نگار خصوصی) پاکستان مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ عمران خان کا شریف خاندان کیخلاف کرپشن کا جھوٹا بیانیہ نیست ونابود ہوگیا، وزیراعظم اور ان کے چالیس چور مایوسی اور فرسٹریشن کا شکار ہیں، 15 ماہ سے جھوٹے ملک پر مسلط ہیں۔ اپنے ایک بیان میں ترجمان مسلم لیگ(ن) مریم اورنگزیب نے عمران خان کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا حکمران شریف خاندان کے خلاف ایک دھیلے کی کرپشن ثابت نہیں کر سکے، عوام کی عدالت میں نواز شریف اور شہباز شریف والی خدمت اور کارکردگی کا بیانیہ نہیں بنا سکے، عمران صاحب اپنے جھوٹے مداریوں سے پوچھیں شہباز شریف کے خلاف ثبوت سپریم کورٹ میں پیش کیوں نہیں کئے ؟۔مریم اورنگزیب کا کہنا تھا جھوٹے تصویری خاکے بنا کر اصل مسائل، اپنی ناکامی اور ناہلی سے توجہ ہٹانے کا سلسلہ پاناما جے آئی ٹی سے جاری ہے، جھوٹے الزامات اور تصویری خاکوں کی اصلیت کا پول سپریم کورٹ، ہائی کورٹ، نیب کی عدالت اور جج ارشد ملک کی ویڈیو میں کھل چکا ہے، اسحاق ڈار کے خلاف نیب کا جھوٹا تصویری خاکے برطانوی حکومت پہلے ہی ردی کی ٹوکری میں پھینک چکی ہے۔

ای پیپر-دی نیشن