افغانستان : طالبان کے 2چیک پوسٹوں پر حملے ، 10اہلکار ہلاک
قندوز+جلال آباد(اے پی پی) طالبان نے صوبے قندوزکی دو پولیس چیک پوسٹوں پر حملہ کردیا جس کے نتیجے میں افغان پولیس کمانڈر سمیت 10 اہلکار ہلاک ہوگئے جب کہ جوابی فائرنگ سے 3 جنگجو بھی مارے گئے۔ افغانستان کے صوبے قندوز کے ضلع امام صاحب میں طالبان جنگجوؤں نے 2 پولیس چیک پوسٹوں پر حملہ کردیا جس کے نتیجے میں پولیس کمانڈر محمد ظاہر سمیت 10 اہلکار ہلاک ہوگئے۔پولیس ترجمان کا کہنا ہے کہ جوابی کارروائی میں 3 طالبان جنگجو ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے۔ پولیس نے حملہ آوروں کو بھاگنے پر مجبور کردیا۔ حملہ آوروں کی گرفتاری کیلئے علاقے میں سرچ آپریشن کاآغاز کردیا گیا ہے۔طالبان نے حملے کی ذمہ داری قبول کرتے ہوئے دعویٰ کیا ہے کہ حملے میں 20 سے زائد پولیس اہلکار ہوئے ہیں۔ادھر افغانستان میںداعش کے 180 جنگجوئوں نے ننگرہار صوبے میںحاکم کے سامنے ہتھیار ڈال دیئے۔صوبائی گورنر شاہ محمد میخائل کے حوالے سے میڈیا نے بتایا کہ داعش کے 180جنگجوئوں کے گروپ نے تشدد کا راستہ چھوڑ کرخودکو جلال آباد میں قومی سلامتی ڈائریکٹوریٹ (این ڈی ایس) کے حکام کے حوالے کردیا۔آچن ضلع میں سرگرم ان جنگجوئوں نے اے کے 47 رائفل کے 94 کارتوس اور ہیوی مشین گنز بھی حوالے کر دیں۔واضح رہے کہ سکیورٹی فورسز نے گزشتہ ماہ کے اوائل میں آچن ضلع میں داعش کے جنگجوئوں کے خلاف بڑے پیمانے پر آپریشن شروع کیا تھا جس کے بعد اب تک ایک ہزار سے زیادہ جنگجو اور ان کے فیملی ارکان سکیورٹی فورسز کے آگے ہتھیار ڈال چکے ہیں۔