حقائق ناقابل تردید، کمیٹی ٹرمپ کے مواخذے کیلئے آئینی دفعات وضع کرے : نینسی پلوسی
واشنگٹن(این این آئی)امریکی ایوان نمائندگان کی سپیکر نینسی پلوسی نے ہاؤس کی عدلیہ کمیٹی کو صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے مواخذے کے لیے دفعات وضع اور مرتب کرنے کی ہدایت کی ہے۔امریکی صدر کا یوکرین پراپنے ڈیموکریٹک سیاسی حریف کے خلاف تحقیقات کے لیے دباؤ ڈالنے کی کوشش پر مواخذہ کیا جارہا ہے۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق پلوسی نے ایک نشری بیان میں کہا حقائق ناقابل تردید ہیں۔صدر نے اپنے سیاسی فائدے کے لیے قومی سلامتی کی قیمت پر اپنے اختیارات کا غلط استعمال کیا ہے۔انھوں نے اوول آفس میں ایک اہم اجلاس کو موخر کرنے اور امداد روکنے کے بدلے میں اپنے ایک سیاسی حریف کے خلاف تحقیقات کے اعلان کے لیے دباؤ کا حربہ استعمال کیا تھا۔سپیکر نے کہا افسوس تو ہے مگر ہم اعتماد اوراحتیاط کے ساتھ اپنے بانیوں سے اظہار وفاداری کرتے ہیں۔ہمارے دل امریکا کی محبت میں لبریز ہیں۔ آج میں اپنے چئیرمین سے مواخذے کی دفعات کو بروئے کار لانے کا کہہ رہی ہوں۔