العزیزیہ ریفرنس، سزا کے خلاف نواز شریف کی اپیل 18 دسمبر کو سماعت کے لیے مقرر
اسلام آباد (نمائندہ نوائے وقت)اسلام آباد ہائی کورٹ میں العزیزیہ ریفرنس میں سزا کے خلاف سابق وزیراعظم نواز شریف کی اپیل 18 دسمبر کو سماعت کے لیے مقرر کردی گئی ہے جبکہ نیب کی نواز شریف کی سزا بڑھانے کی اپیل بھی 18 دسمبر کو سماعت کے لیے مقرر ہے۔سابق وزیر اعظم نواز شریف نے العزیزیہ ریفرنس میں احتساب عدالت کی جانب سے دی گئی سزا کالعدم کرنیکی اپیل اسلام آباد ہائیکورٹ میں دائر کر رکھی ہے۔ تاہم عدالت نواز شریف کی مرکزی اپیل سے قبل جج ویڈیو سکینڈل کیس کے تناظر میں فیصلہ کریگی۔جسٹس عامر فاروق اور جسٹس محسن اختر کیانی پر مشتمل ڈویژن بنچ سماعت کرے گا۔جج ویڈیو کیس کے مرکزی کردار ناصربٹ نے نواز شریف کی اپیل میں فریق بننے کی درخواست کر رکھی ہے۔نواز شریف نے ویڈیو کا فرانزک کرنے والے برطانوی ماہر سمیت 5 افراد کو عدالتی گواہ بنانے کی استدعا کی ہے۔ العزیزیہ ریفرنس میں سزا کے خلاف نواز شریف کی اپیل 18 دسمبر کو سماعت کے لیے مقرر کر دی گئی ہے جب کہ نیب ملزم نواز شریف کی سزاء میں اضافے کی اپیل پہلے ہی 18دسمبر کو سماعت کے لیئے مقرر تھی