نظام نہیں بدل سکے‘عمران کو مائنس کرنیوالے خود مائنس ہو رہے ہیں :فواد چودھری بانی فیس بک کو پاکستان آنیکی دعوت
لاہور(آن لائن) وفاقی وزیر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے کہا ہے کہ ہم نے حکومت لی ہے لیکن ابھی نظام نہیں بدل سکے ہیں، اب نظام کی تبدیلی کی جدوجہد جاری ہے۔ لاہور میں انصاف اسٹوڈنٹس فیڈریشن کے وفد سے ملاقات کے بعد ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ انصاف سٹوڈنٹس فیڈریشن کا خیال ہے کہ طلبہ یونین بحال ہونی چاہیئے لیکن اس کے پیرامیٹرز طے کرنا ہوں گے۔ انصاف سٹوڈنٹس فیڈریشن والوں کے گلے شکوے سنے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان کسی کو پسند ہوں یا نہ ہوں، ان کا قد سب سے بلند ہے۔ بے نظیر بھٹو کی طرح عمران خان ملک میں اس وقت ایک ہی لیڈر ہیں۔ اپوزیشن کے گلے شکوے اپنی جگہ لیکن آپ کو عمران خان کے ساتھ ہی گزارا کرنا پڑے گا۔ فواد چوہدری نے کہا کہ مائنس ون پاکستان مسلم لیگ نواز اور دیگر جماعتوں میں ہوسکتا ہے۔ مائنس عمران کرتے کرتے اپوزیش خود مائنس ہو رہی ہے۔ اپوزیشن کو اپنی قیادت تلاش کرنا پڑ رہی ہے۔ اب سب لندن میں جمع ہو رہے ہیں، ان کے پاس کوئی پلان نہیں ہے۔ وہ عمران خان کا کچھ نہیں بگاڑ سکتے۔ انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن میں نئی تقریوں کے معاملے پر کافی حد تک اتفاق رائے ہو چکا ہے۔ شہباز شریف کے کھلنے والے حالیہ انکشافات کا اثر نہ پڑا تو جلد ہی الیکشن کمیشن کا معاملہ حل ہو جائے گا۔ اپوزیشن اصلاحات کی جانب آئے۔ سب کو حقیقیت کا ادراک کر کے ہی آگے چلنا چاہیے۔ وفاقی وزیر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے کہا کہ شہباز شریف کو پہلے واپس آنے میں 5 سال لگے، اب کی بار شاید 15 سال لگیں۔ فواد چوہدری نے کہا کہ ملک میں سیاستدانوں پر بحث ہو سکتی ہے لیکن فوج اور عدلیہ پر عام بحث نہیں ہو سکتی ہے۔ آرمی چیف کے معاملے پر سیاست سے بالاتر ہو کر بات کرنی چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ سپریم کورٹ کا تفصیلی فیصلہ آ جائے تو پھر حکومت اس پر فیصلہ کرے گی۔ دریں اثناء فواد چوہدری نے فیس بک کے بانی مارک زکربرگ کو پاکستان آنے کی دعوت دیتے ہوئے کہا ہے کہ زکربرگ فیملی کا بہت احترام کرتے ہیں، ٹیکنالوجی کی دنیا میں آپ کا کام انسانیت کو آگے لے کر گیا۔ فواد چوہدری نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر فیس بک کے بانی مارک زکربرگ کی بہن رینڈی زکربرگ کو پاکستان میں خوش آمدید کہتے ہوئے کہا ہماراملک پاکستان خوبصورت ملک ہے، مارک زکربرگ کے دورہ پاکستان کے منتظر ہیں۔