• news

جب تک اللہ نے منصب دیا ہے، انسانیت کے دکھ بانٹتا رہوں گا: عثمان بزدار

لاہور (نیوز رپورٹر) وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی ہدایت پر لیور ٹرانسپلانٹ، بون میرو اور دیگر امراض میں مبتلا 10 مریضوں کے علاج معالجے کیلئے2 کروڑ 10 لاکھ28 ہزار روپے سے زائد کے فنڈزجاری کر دئیے گئے ہیں۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ مستحق مریضوں کے علاج معالجہ کیلئے فنڈز مہیا کرنا کوئی احسان نہیں بلکہ میری ذمہ داری بھی ہے اور فرض بھی۔ دکھی انسانیت کی خدمت کر کے جو سکون ملتا ہے اس کا اندازہ کوئی دوسرا نہیں کرسکتا۔ دکھی انسانیت کا دکھ بانٹنے والے دنیا کے ساتھ آخرت میں سرخرو ہوتے ہیں۔ حکومتی وسائل پر عام آدمی کا پورا حق ہے اورہماری حکومت یہ حق عام آدمی کو واپس کر رہی ہے۔ جب تک اللہ تعالیٰ نے منصب دیا ہے،دکھی انسانیت کے دکھ بانٹتا رہوں گا۔ عثمان بزدارنے ساہیوال کے تھانہ غلہ منڈی کی حدود میں اغوا کے بعد بچی کے قتل کے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے آر پی او ساہیوال سے رپورٹ طلب کرلی ہے۔ عثمان بزدارنے مظفر گڑھ کے علاقے میں ٹریفک حادثے میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ اورافسوس کا اظہار کیا ہے۔ علاوہ ازیں عثمان بزدار آئندہ ہفتے سے مختلف شہروں کے دوبارہ دورے کریں گے۔ وزیراعلیٰ فیلڈ وزٹ کے دوران ترقیاتی سکیموں پر پیش رفت کا خود جائزہ لیں گے۔ سرکاری دفاتر، تھانوں،اراضی سینٹرز اور ہسپتالوں کے بھی دورے کریں گے۔ وزیراعلیٰ فیلڈ وزٹ کے دوران صفائی کی صورتحال اورامن وامان کے انتظامات کا بھی جائزہ لیں گے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ پہلے بھی مختلف شہروں کے دورے کیے ہیں۔ آئندہ ہفتے سے فیلڈ وزٹ کر کے زمینی حقائق خود دیکھوں گا۔ عوام کے ساتھ براہ راست رابطہ کر کے اصل صورتحال کا اندازہ ہوتا ہے۔عثمان بزدارنے افسروں کی ٹرانسفر پوسٹنگ کے حوالے سے گائیڈ لائنز جار ی کر دی ہیں اور اس ضمن میں وزیراعلیٰ پنجاب کے پرنسپل سیکرٹری نے مجاز افسر گورنمنٹ رولز آف بزنس 2011کے تحت انتظامی بنیادوں، خالی آسامیوں اورآپریشنل ضروریات کو مد نظر رکھ کر ٹرانسفر پوسٹنگ کے اختیارات استعمال کر سکیں گے۔

ای پیپر-دی نیشن