میلبورن کرکٹ سٹیڈیم کی پچ ایک بار پھر ناقص قرار
لاہور(سپورٹس ڈیسک) میلبورن کرکٹ سٹیڈیم کی پچ ایک بار پھر ناقص قراردیدی گئی، خراب پچ کے باعث شیفلڈ شیلڈ میں وکٹوریا اور ویسٹرن آسٹریلیا کے درمیان کھیلا جانیوالا میچ روک دیا گیا۔ایم سی جی میں کھیلے جانیوالے میچ کے پہلے روز 40 اوور کا کھیل ہوا تھا کہ امپائرز نے میچ روک دیا اور دونوں کپتانوں سے مشاورت کی، چیف کیوریٹرکو بھی بلایا گیا، باہمی مشاورت کیلئے دن کا باقی کھیل منسوخ کر دیا گیا۔ناقص پچ کے باعث فاسٹ باؤلرز کی کئی گیندیں بلے بازوں کو لگیں ایم سی جی پچز کے حوالے سے پہلی بار خبروں کی زینت نہیں بنا، پچ کا ناقص معیار کرکٹ آسٹریلیا کیلئے پریشانی کا باعث بن سکتا ہے۔26 دسمبر کو اسی گراؤنڈ پر آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ کے درمیان باکسنگ ڈے ٹیسٹ شیڈول ہے۔