ملکی کرکٹ کو تباہ کرنے والوں کا احتساب ہونا چاہیے:ملک ذوالفقار
لاہور(نمائندہ سپورٹس) سیالکوٹ ریجنل کرکٹ ایسوسی ایشن کے سابق صدر ملک ذوالفقار کا کہنا ہے کہ ملکی کرکٹ کو تباہ کرنے والوں کا احتساب ہونا چاہیے۔ جن لوگوں نے پاکستان کے مقبول ترین کھیل کو تباہ کیا ہے ان کیخلاف بھی کارروائی ہونی چاہیے۔ پی سی بی کی موجودہ انتظامیہ نے خزانے کو نقصان پہنچانے کے تمام ریکارڈ توڑ دیئے ہیں۔ کرکٹ بورڈ کے پاس پیسہ کرکٹرز کی وجہ سے آتا ہے اور ہر دور میں مزے آفیشلز کرتے رہے ہیں۔ کرکٹ بورڈ کی موجودہ انتظامیہ نے جس انداز میں بجٹ تنخواہوں پر خرچ کیا ہے اس سے یہ اندازہ لگانا مشکل نہیں ہے کہ یہ لوگ کس مائنڈ سیٹ کے ساتھ کام کر رہے ہیں۔ یہ کرکٹ ایڈمنسٹریٹرز کو کرپٹ کہتے ہیں جبکہ ریجنز کے عہدے داروں کو کبھی ایک پیسہ نہیں دیا، نہ ہی ایسوسی ایشنز کے عہدے دار لاکھوں میں تنخواہیں لیتے ہیں بورڈ آفیشلز لاکھوں میں تنخواہ لیتے ہیں۔ من پسند افراد کو نوازتے ہیں اور اختیارات کا ناجائز استعمال کرتے ہیں اصل احتساب تو ان کا ہونا چاہیے۔ وزیر اعظم عمران خان کو چاہیے کہ وہ سیاست دانوں کیساتھ ساتھ کرکٹ بورڈ کے خزانے کو نقصان پہنچانے والوں کے خلاف بھی ایکشن لیں۔ ملکی کرکٹ کی تاریخ میں یہ پہلی مرتبہ ہو رہا ہے کہ جسے کچھ دیا جاتا وہ کرپٹ ہے اور خزانے کے نام نہاد محافظ ہیں وہ خود کو ایماندار سمجھ رہے ہیں۔ کرکٹ تباہی کی طرف جا رہی ہے بر وقت اقدامات نہ کیے گئے تو اس کھیل میں ہمارا حال ہاکی جیسا ہو جائے گا۔ احسان مانی اور ان کی ٹیم مختصر وقت میں مکمل طور پر ناکام رہی ہے۔ انہیں جتنا وقت ملے گا اتنا ہی نقصان زیادہ ہو گا۔